حلیم عادل شیخ

پورے ملک میں انقلاب آنے والا ہے، حلیم عادل شیخ

کراچی (نمائندہ عکس ) اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ پورے ملک میں انقلاب آنے والا ہے، سپریم کورٹ کے حکم پر پارلیمنٹری کمیٹی بنائی تھی، عدالت کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے اعلان کیا گیا تھا، کمیٹی کا کوئی اجلاس تک نہیں بلایا گیا، سندھ حکومت اور الیکشن کمیشن کے خلاف آرٹیکل 6 تحت کارروائی کی جائے، انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے اور الیکشن نہ کرانا الیکشن کمیشن کی نااہلی ہے۔ حلیم عادل شیخ نے سندھ ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں اپنے لوگوں کو نوازنے کے لیے بلدیاتی انتخابات کرائے جارہے ہیں، سندھ کا کالا قانون آئین کے آرٹیکل 140 سے متصادم تھا۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے کا حکم دیا، پرانے قانون کے تحت الیکشن سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی ہے، اس طرح سندھ کے چھ کروڑ عوام متاثر ہوں گے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ اسمبلی کو تماشہ بنایا جارہا ہے متعلقہ کمیٹی کا کوئی اجلاس نہیں ہوا، الیکشن کمیشن نے اپنی ذمہ داری سے انحراف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں انقلاب آنے والا ہے اب سندھ میں ان کا ایم این اے ایم پی اے نہیں جیت سکتا، انہوں نے سوچا کم از کم زبردستی اپنا میئر ہی بنوالیں، جب تک بلدیاتی قوانین میں ترمیم نہ ہو الیکشن غیرقانونی ہوگا۔ اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ بلدیاتی الیکش کو فوری روکا جائے، ترامیم تک نئے انتخابات نہیں ہوسکتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں