آٹا چکی مالکان

پنجاب میں آٹا چکی مالکان نے آٹے کی قیمت میں4 روپے فی کلو گرام اضافہ کر دیا

لاہور(عکس آن لائن)پنجاب میں آٹا چکی مالکان نے آٹے کی قیمت میں چار روپے فی کلو گرام اضافہ کر دیا۔ فی کلو آٹے کی قیمت 60روپے سے بڑھا کر 64روپے کر دی گئی ہے۔ ہفتہ کے روز آٹاچکی مالکان کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں فلور ملز مالکان کے نمائندوں اور دُکانداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں آٹے کی قیمت چار روپے فی کلو گرام اضافہ کا فیصلہ کیا گیا، آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کے حوالہ سے فیصلہ فوری طور پر لاہور سمیت پنجاب بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں لاگو ہوگا۔ آٹا چکی مالکان نے کہا ہے کہ انہوں نے پنجاب حکومت اور ضلعی انتظامیہ کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔

آٹا چکی مالکان نے کہا کہ بازار میں گندم کی قیمت سات سے آٹھ روپے فی کلو گرام بڑھ چکی ہے اس کی وجہ سے آٹے کی قیمتیں بڑھانی پڑی ہیں ۔ آٹا چکی مالکان نے کہا کہ ابھی ہم نے گیس، بجلی ، ڈیزل اور ٹرانسپورٹیشن کے بڑھنے کا حساب نہیں لگایا اور آئندہ چند روز میں ہم یہ حساب بھی کریں گے اور اگر آٹے کی قیمت مزید بڑھانی پڑی تو وہ بھی کریں گے کیونکہ ہمارا کاروبار نہیں چل پاررہا۔

آٹا چکی مالکان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آگے چل کر مہنگائی کا مزید طوفان آئے گا اورآٹا مزید مہنگا ہونے کا خدشہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں