پنجاب فوڈ اتھارٹی

پنجاب فوڈ اتھارٹی کا بچوں کیلئے ناقص اشیائے خورونوش تیار کرنے والوں کے خلاف گرینڈ آپریشن

لاہور (عکس آن لائن)ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عرفان میمن کی سربراہی میں بچوں کیلئے انتہائی ناقص اشیائے خورونوش تیار کرنے والوں کے خلاف لاہور میں گرینڈ آپریشن کیا گیا۔بھاری مقدار میں مضر صحت اشیائے خورونوش تلف کرتے ہوئے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کروادیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں چیکنگ کے دوران فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کی خلاف ورزیوں پر 4 فیکٹریاں سیل کردیں۔کارروائیوں کے دوران 3ہزار 350 کلو جعلی چاکلیٹ پاؤڈر،2200 کلو مصنوعی بیس ، 1375کلوملک پاؤڈر، 400 کلو کھلے مصالحہ جات اور 60 کلو نوڈلز تلف کر دیے گئے۔فوڈ سیفٹی ٹیموں نے گلیکسوٹاؤن نشتر کے علاقے میں واقع فیضان فیکٹری کے گودام اور دوکان کو سیل کیا۔اسی طرح فیروز پور قینچی سٹاپ پر اے بی این فوڈز، ایس بی این فوڈزاور عابد نمکو کے پروڈکشن یونٹس بھی ناقص انتظامات پر سیل کیا گیا۔اس حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ زائدالمیعاد، ملاوٹی ناقص خام مال اور فوڈ سکریپ سے بچوں کی اشیائے خورونوش تیار کی جا رہی تھیں۔

نمکو کی تیاری میں ملاوٹی ،کھلے مصالحہ جات اور ناقص آئل کا استعمال کیا جارہا تھا ۔تیارکردہ پروڈکٹس پر تاریخ میعاد اور لیبلنگ نہ کرنے پر بھی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔مزید برآں ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے برآمد شدہ مال تلف کردیا گیا۔عرفان میمن نے واضح کیا کہ بچوں کے لیے تیار کی جانے والی اشیائے خورونوش کی کوالٹی پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ہمارے بچے ہمارا مستقبل ہیں، قوم کے مستقبل کی ہر صورت حفاظت کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں