چودھری پرویز الٰہی

پنجاب اسمبلی کے اندر پولیس کا گھسنا بد نما داغ ہے، وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی

لاہور ( عکس آن لا ئن) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پولیس اسمبلی کے اندر تک گھس آئی، جو ہوا وہ ایک بدنما داغ ہے،اسمبلی کے اندر ہمیشہ بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کی کوشش کی ، ابھی تک پولیس اصلاحات کیلئے بہت کام کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کے باقاعدہ افتتاح کے موقع تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیراعلی پرویز الٰہی نے نئی عمارت کے افتتاح کے بعد دعا بھی کی۔

عمارت کے افتتاح کے موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان، سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال، صوبائی وزراء میاں محمودالرشید، راجہ بشارت، سردار حسنین بہادر دریشک، سردار آصف نکئی، سردار شہاب الدین، چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ سنبل، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عامر ذوالفقار، سابق پرنسپل سیکرٹری جی ایم سکندر، سیکرٹری پنجاب اسمبلی عنایت اللہ لک، ڈی جی پروٹوکول پنجاب عنصرنذیر اور اعلی حکام بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی پرانی عمارت 1938ء میں تعمیر کی گئی تھی، اس کی عمارت کے ڈیزائن کیلئے مقابلہ کرایا تھا،

پی ٹی آئی حکومت میں اسپیکر بنا تو عمارت کی تعمیر کا کام تیز کردیا۔چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ نئی اسمبلی میں اگلے 100سال کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے 500ارکان کی گنجائش موجود ہے، 200 افراد کئے لئے Ayes Lobby اور 200افراد ہی کے لئے Noes Lobby بنائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سپیکر چیمبر افسران، میڈیا اور وزیٹرز کیلئے 800 افراد تک کی گنجائش ہے، نئی اسمبلی میں وزیراعلی، سپیکر، ڈپٹی سپیکر، وزرا اور لیڈر آف اپوزیشن کیلئے سیکرٹریٹ بلڈنگ میں دفاتر بنائے گئے، 3کمیٹی روم اور ایک کانفرنس روم کے علاوہ لائبریری اور کیفے ٹیریا کی بھی سہولت موجود ہے، 400 گاڑیوں کی پارکنگ بھی رکھی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئی اسمبلی عمارت کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے کام کرنے والے سب احباب کامشکور ہوں، اللہ تعالی کی توفیق سے ان شا اللہ مزید تعمیری کام کریں گے، ابھی تک پولیس اصلاحات کیلئے بہت کام کیا ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ دنیا کی تاریخ میں اسمبلی کے اندر قتل کا ایک واقعہ ہوا، ہمارے ہاں قتل کا واقعہ تو نہیں ہوا لیکن اسمبلی کے اندر پولیس کا گھسنا ایک بدنما داغ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں