امریکی ناظم الامور

پاکستان کے ساتھ صحت کے شعبے میں وسیع تعاون جاری ہے، امریکی ناظم الامور

اسلام آباد (عکس آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کو امریکی سفارتخانے کے ناظم الامور سفیر پال ڈبلیو جونز نے خط لکھ کر رمضان المبارک کی مبارکباد، نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ اور وزیراعظم عمران خان نے حال ہی میں کورونا سے نمٹنے کے لئے اشتراک عمل پر بات کی ہے،

امریکہ اور پاکستان کورونا کے معاشی اثرات سے نبردآزما ہونے کے لئے شراکت داری اور تیزی سے کوششیں کررہے ہیں۔ سفیر پال جونز نے کہا کورونا کے پھیلاو کو روکنے کے لئے پاکستان کے ساتھ صحت کے شعبے میں وسیع تعاون جاری ہے،امریکہ نے پاکستانی نادار طبقات کی مدد کے لئے 50 لاکھ امریکی ڈالر کی مدد احساس ایمرجنسی پروگرام میں دی ہے،یہ امداد 70 ہزار خاندانوں کو خوراک اور اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لئے فراہم کی گئی ہے،غذایت کی کمی کا شکار بچوں کے لئے امریکہ نے 336 میٹرک ٹن خوراک فراہم کی ہے۔

سفیر پال جونز نے خط میں کہا صحت کے پچاس مراکز کو طبی آلات اور غذایت کی کمی کے شکار بچوں کے علاج کے لئے خوراک فراہم کی گئی ہے،کورونا وائرس کے خلاف مشترکہ جنگ کے لئے امریکہ نے 15 ملین ڈالر نئی فنڈنگ کا وعدہ کیا ہےفوری نوعیت کی ضروریات پوری کرنے کی خاطر اضافی امداد کی فراہمی کے لئے پاکستانی حکام سے مل کر کام کررہے ہیںموبائل لیبارٹریز، طبی عملہ کی تربیت، صوبائی آپریشن سینٹرز کی بہتری اور مہاجرین کی مدد کے لئے بھی اقدامات کئے گئے،

ان مشکل حالات میں پاکستانیوں کی طرف سے خیرسگالی اور مدد کے اظہار پر شکر گزار ہیں،مشکل حالات سے متاثر ہونے والے پاکستانیوں کے لئے نیک تمناوں اور ہمدردی کا اظہارکرتے ہیں،مشترکہ کوششوں سے کورونا کو شکست دیں گے اور اپنی خوشحالی وآزادی کا تحفظ کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں