ڈاکٹر ظفر مرزا

پاکستان کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے بالکل تیار ہے، ڈاکٹر ظفر مرزا

مانچسٹر(عکس آن لائن) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے بالکل تیار ہے، جن ملکوں نے اپنے شہری چین سے نکالے انھوں نے ورلڈ ہیلتھ ایڈوائزری کی خلاف ورزی کی۔مانچسٹر میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ہم ووہان میں پھنسے پاکستانی طلبہ سے رابطے میں ہیں، چینی حکومت نے صرف پاکستان کو اپنی ٹیم ووہان بھیجنے کی اجازت دی ہے، پاکستانی ہائی کمیشن بیجنگ کی ایک ٹیم ووہان پہنچ چکی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ووہان میں موجود بچوں پر جتنی تشویش والدین کو ہے اتنی ہی وزیر اعظم اور ہمیں بھی ہے، پاکستانی طالب علموں کے والدین کے ساتھ 19 فروری کو میٹنگ بلائی گئی ہے، جس میں بتایا جائے گا کہ ہم بچوں کی دیکھ بھال کے لیے کیا کر رہے ہیں۔وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ اپنے شہری نکالنے والے ملکوں نے ورلڈ ہیلتھ ایڈوائزری کی خلاف ورزی کی، جن ممالک نے خلاف ورزی کی صرف انھی ممالک میں وائرس پھیلا، ہمیں چین کی عزت کرنی چاہیے کہ وہ ایک وبا کو دنیا میں پھیلنے سے روک رہا ہے۔

نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کے حوالے سے ظفر مرزا نے کہا کہ کہ ان کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، رپورٹس کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا کہ ان کو چیلنج کرنا ہے یا نہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت پاکستان صحت کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے سنجیدہ ہے، صحت کے شعبے میں ریفارمز لائے جا رہے ہیں، برطانیہ میں مقیم پاکستانی ڈاکٹرز کو بھی پالیسی مرتب کرنے میں شامل کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں