ڈاکٹر ظفر مرزا

پاکستان نے ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کی نئی ویکسین متعارف کرادی ہے، ڈاکٹر ظفر مرزا

اسلام آباد (عکس آن لائن) پاکستان نے ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کی نئی ویکسین متعارف کرائی ہے جس سے پاکستان دنیا میں چوتھا ایسا ملک بن گیا ہے جس میں ٹائیفائیڈ کی ویکسین دی جا رہی ہے، اس ویکسین میں لمبے عرصہ تک ٹائیفائیڈ کے خلاف مزاحمت کی صلاحیت موجود ہے۔ ان خیالات کااظہار وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے اپنے ایک انٹرویو میں کیا۔

انہوں نے کہاکہ ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کی ویکسین 6 ماہ کے بچوں کو بھی دی جا سکے گی۔ پہلے مرحلے میں ویکسین جنوبی سندھ میں استعمال کی جائے گی جہاں اس مرض کے 63 فیصد کیس رپورٹ ہوئے ۔ ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کی ویکسین ٹیکے کے ذریعے بچوں کو دی جائے گی اور اس کے لئے مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے جس کے دوران یہ ویکسین ایک کروڑ بچوں کو دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ابھی تک یہ ویکسین حفاظتی ٹیکہ جات میں شامل نہیں ہے۔

پاکستان چوتھا ملک ہے جس میں ٹائیفائیڈ کی ویکسین دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء میں سندھ سے ٹائیفائیڈ کے اڑھائی لاکھ کیسز رپورٹ ہوئے تھے ۔ٹائیفائیڈ میں اضافہ کے باعث ویکسین کے استعمال کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مہم کا آغاز سندھ سے کیا گیا ہے۔ بعد ازاں ملک بھر میں اس کو شروع کیا جائے گا۔ کوشش ہے کہ ٹائیفائیڈ کی ویکسین کو معمول کا حصہ بنا لیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ عام طور پر ویکسین 5 سال تک کے بچوں کو ٹائیفائیڈ سے بچاتی ہے۔ عالمی اداروں کی مشاورت سے 5 سال کے بعد کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ عالمی طورپر صحت کے حوالے سے یہ ایک بڑا چیلنج ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں