فیصل آباد(عکس آن لائن):پاکستان میں ٹماٹر کی پیداوار کے لحاظ سے بلوچستان پہلے، خیبر پختونخواہ دوسرے، سندھ تیسرے، پنجاب چوتھے نمبر پر آگیاہے۔نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایاکہ رواں سال کے پیداواری اعداد و شمار کے مطابق بلوچستان ٹماٹر کی40.35 فیصد پیداوار، خیبر پختونخواہ 28.80فیصد، سندھ 17.96 اور پنجاب 12.90 فیصد پیداوار کاحامل رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سب سے زیادہ ٹماٹر پیدا کرنیوالے اضلاع میں گوجرانوالہ پہلے،مظفر گڑھ دوسرے، ننکانہ صاحب تیسرے، رحیم یار خان چوتھے، شیخوپورہ پانچویں، سرگودھا چھٹے، فیصل آباد ساتویں نمبر پر رہا ہے۔
انہوں نے بتایاکہ ٹماٹر کی فصل ایک انتہائی نازک فصل ہے جسے زیادہ دیر تک سٹور نہیں کیاجاسکتا۔ انہوں نے بتایاکہ ٹماٹر کی شاندار پیداوار کی کھپت اور اسکی مناسب قیمت کاحصول اسی وقت ممکن ہے جب ٹماٹر سے مختلف مصنوعات پیداکرنے کی جانب توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ٹماٹر سے تیارکردہ مصنوعات برآمد کرکے قیمتی زرمبادلہ حاصل کرسکتاہے۔