لاہور(عکس آن لائن) پاکستان ریلوے نے کورونا وائرس کے باعث نافذ لاک ڈاون میں نرمی کے بعد مزید ٹرینیں بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔ ذرائع کے مطابق مزید ٹرینیں بحال کرنے کا اعلان وزیر ریلوے شیخ رشید (آج) ہفتہ کو لاہور میں کریں گے ، مزید ٹرینیں بحال کرنے کا فیصلہ مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث کیا گیا اور اس سلسلے میں شیخ رشید نے وزیراعظم سے مشاورت مکمل کرلی ہے جب کہ مزید مشاورت کیلئے (آج) ریلوے حکام کا اجلاس طلب کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرینوں کی بحالی کا معاملہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اجلاس میں بھی زیربحث آیا ہے۔ دوسری جانب ٹرینوں میں حفاظتی تدابیر مزید سخت کرنے کی گائیڈ لائنز پر مشاورت جب کہ آن لائن بکنگ، سیٹوں میں فاصلہ اور مسافروں کی مانیٹرنگ کا طریقہ کار طے کیا جائے گا۔ تمام ریلوے اسٹیشنوں پر حفاظتی اقدامات مزید سخت کیے جائیں گے جب کہ ٹکٹ کلکٹر، ایس ٹیز اور پولیس سمیت ریلوے عملے کے لیے ماسک اور اقدامات حفاظتی تدابیر طے ہوں گی۔