ای کامرس

پاکستان ای کامرس کے شعبہ کی اوسط سالانہ شرح نمو 58 فیصد ہے

اسلام آباد (عکس آن لائن) پاکستان ای کامرس کے شعبہ کی اوسط سالانہ شرح نمو 58 فیصد ہے، ای کامرس کے شعبہ میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں، کووڈ۔19 کی وبا کے باعث آن لائن ادائیگیوں اور صارفین کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔

ایوانز پریمیئر پے منٹ سروسز (اے پی پی ایس) کی آن لائن ادائیگیوں کی سہولت کے حوالہ سے ” پے فاسٹ” کے سی ای او سید عدنان علی نے کہا ہے کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے اے پی پی ایس کو ملک میں ای کامرس پے منٹ گیٹ وے پے فاسٹ کو کام کی اجازت دی ہے جس سے ای کامرس کے شعبہ کی ترقی میں نمایاں اضافہ اور صارفین کو سہولیات حاصل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تھری جی اور فور جی صارفین کی تعداد 80 ملین سے زیادہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ای کامرس کے شعبہ میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ای کامرس مارکیٹ کے کاروباری حجم کا تخمینہ 2 ارب ڈالر سے زیادہ ہے اور شعبہ کی سالانہ شرح ترقی اوسطاً 58 فیصد ہے جس سے شعبہ کی استطاعت کی عکاسی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کووڈ۔19 کی وبا کی وجہ سے آن لائن صارین اور ادائیگیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے کیونکہ صارفین وائرس سے بچاؤ کے اقدامات کے تحت آن لائن ادائیگیوں کو ترجیح دیتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اگرای کامرس کے حوالہ سے صارفین کے خدشات دور کر دیئے جائیں تو شعبہ میں مزید ترقی لائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کیش پر زیادہ انحصار کرتی ہے اور قومی معیشت کی نوے فیصد ادائیگیوں کو بآسانی آن لائن پے منٹ کے نظام سے منسلک کیا جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں