کوالالمپور (عکس آن لائن ) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ملائیشیا دو طرفہ تجارت کے حجم میں خاطر خواہ اضافہ کر سکتے ہیں،فریقین نے پاکستان اور ملائشیا کے مابین حلال فوڈ ،سائینس،ٹیکنالوجی،سیاحت اور زراعت سمیت کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کوالالمپور میں ملائشیا کے وزیر برائے اقتصادی امور داتو سری عظمین علی سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان اور ملائیشیا دونوں آزادانہ تجارت کے معاہدے (FTA) سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے دو طرفہ تجارت کے حجم میں خاطر خواہ اضافہ کر سکتے ہیں ۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملائشین وزیر کو پاکستان میں کی گئی معاشی اصلاحات اور بیرونی سرمایہ کاروں،بین الاقوامی کمپنیوں کو دی جانے والی مراعات سے آگاہ کیا۔فریقین نے پاکستان اور ملائشیا کے مابین حلال فوڈ ،سائینس،ٹیکنالوجی،سیاحت اور زراعت سمیت کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا ۔ وزیر اقتصادی امور نے وزیر خارجہ کی آمد کا شکریہ ادا کیا،ملایشین وزیر نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔