اسلام آباد (عکس آن لائن ) پاکستان اور افغانستان کی تاجر برادری نے طور خم بارڈر کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کے پاکستان کی حکومت کے اقدام کو سراہا تے ہوئے کہا ہے کہ طورخم پر کراسنگ پوائنٹ کو چوبیس گھنٹے کھلے رکھنے سے ہمسایہ ممالک کی باہمی تجارت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
پاک افغان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( پی اے جے سی سی آئی )کے سابق سینئر نائب صدر ضیا الحق سرحدی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کا اقدام قابل تحسین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سال کے دوران پاک افغان تجارت میں کمی ہوئی ہے تاہم طورخم بارڈر کو کھلا رکھنے سے ہمسایہ ممالک کی باہمی تجارت میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا اور اس سے برآمد کنندگان کے مسائل کے خاتمہ میںبھی مدد ملے گی۔ انہوں نے دونوں ممالک کی حکومت پر زور دیا کہ تاجر برادری کے مسائل کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے ان کا خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاک افغان دوطرفہ تجارت کا حجم 2.5 ارب ڈالر سے ایک ارب ڈالر تک کم ہو چکا ہے جو باعث تشویش ہے تاہم طورخم بارڈر کو چوبیس گھنٹے کھلا رکھنے سے اس میں اضافہ ہوگا۔
معروف افغان تاجر احمد شاہ نے اس حوالے سے کہا ہے کہ سرحد کو کھلا رکھنے کا فیصلہ خوش آئند ہے اور افغان تاجر اس فیصلے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جس سے نہ صرف تاجر برادری کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی بلکہ پاک افغان دوطرفہ تجارت میں بھی اضافہ ہوگا۔