شیخ رشید

پارٹی چھوڑنے والے نظریہ ضرورت کے تحت کئی بار پارٹیاں بدل چکے ہیں،شیخ رشید

راولپنڈی( عکس آن لائن)سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جتنے لوگوں نے پارٹی چھوڑی وہ نظریہ ضرورت کے تحت کئی بار پارٹیاں بدل چکے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک سرحدوں سے نہیں اندر سے ٹوٹتے ہیں، پاکستان میں چادر اور چاردیواری کی بے حرمتی سے لوگوں کے دل ٹوٹ چکے ہیں، جنہیں جوڑنے کی کوشش کرنی چاہیے، جب قوم حوصلہ ہار جاتی ہے تو ملک سیاسی، معاشی اور اقتصادی طور پر بیٹھ جاتے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ جتنے لوگوں نے پارٹی چھوڑی وہ نظریہ ضرورت کے تحت کئی بار پارٹیاں بدل چکے، نوازشریف خود تحریک استقلال اصغر خان رابطہ کمیٹی کے ممبر تھے، دست شفقت ملنے پر گیٹ نمبر 4 سے ایکسائز منسٹری ملی، شہباز شریف کے بارے میں اعجاز الحق کا تبصرہ ہی کافی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بمپر کراپس کہنے والے گندم خریداری کا 30 لاکھ ٹن شارٹ فال بتا رہے ہیں، میری اداروں سے درخواست ہے کہ ملک میں پھیلنے والی افواہوں کا سدباب کریں، ہر افواہ کے پیچھے کوئی سازش چھپی ہوتی ہے، آئی ایم ایف کے بغیر مصنوعی بجٹ تیار کیا جا رہا ہے۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ ہر مسلمان نماز میں شہادت کی دعا مانگتا ہے اور شہادت خوش نصیب کو ہی نصیب ہوتی ہے، پارٹیاں چھڑوانے والے ان کو اس قابل چھوڑیں کہ آنے والے دنوں میں عوام کو منہ دکھانے کے قابل رہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں