ٹرمپ

ٹرمپ نے تارکین وطن کوگولی مارنے،کرنٹ چھوڑنے کا حکم دیا،امریکی صحافیوں کا دعوی

واشنگٹن(عکس آن لائن)امریکی اخبارکے صحافیوں کی جانب سے شائع ہونے والی کتاب میں دعوی کیا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تارکین وطن کو ٹانگ پر گولی مارنے کا حکم دیا تھا۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی اخبارنیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے مہاجرین کو جنوبی سرحد عبور کرنے سے روکنے کے لیے سخت رویہ اپنانے کا کہا جس میں سرحدی باڑ میں کرنٹ چھوڑنے، چبھنے والی خاردار تار لگانے جو انسان کا گوشت تک کاٹ دے اور پانی اور سانپوں سے بھرے گڑھے بنانے کی بات شامل ہے۔

صحافی مائیکل شیئر اور جولی ڈیوس کی جانب سے ”سرحدی جنگ،ٹرمپ کے تارکین وطن پر ظلم کے اندر کی کہانی“کے عنوان سے شائع کتاب انٹرویوز پر مبنی ہے جس میں درجنوں حکام کا بغیر نام ظاہر کیے انٹرویو شامل کیا گیا اور اسے امریکی اخبارنے شائع کیا ۔اس میں مارچ 2019 کا ذکر کیا گیا جب ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوبی سرحد سے تارکین وطن کو امریکا میں داخل ہونے سے روکنے کے احکامات دئیے تھے۔کتاب کے اقتباس کے مطابق امریکی صدر نے نجی سطح پر اپنے ساتھیوں کو تجویز دی تھی کہ سپاہی پیر پر گولی ماریں تاہم انہیں بتایا گیا کہ یہ غیر قانونی ہوگا۔یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ عوامی سطح پر بھی یہ تجویز دے چکے ہیں کہ سپاہی پتھر پھینکنے والے تارکین وطن پر گولی چلائیں۔کتاب کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے کئی سنگین اقدامات اٹھانے کی تجاویز بھی دیں۔

اقتباس میں بتایا گیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ساتھیوں کو ہدایت کی کہ امریکا – میکسیکو سرحد پر دوپہر کے بعد سے مکمل شٹ ڈان کیا جائے۔ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھی ان کے سرحد کو بند کرنے کے خیال کو تبدیل کرنے میں کامیاب ہوئے تاہم بعد ازاں امریکی صدر نے اپنے کئی ساتھیوں کو عہدے سے ہٹا دیا تھا جن کے بارے میں ان کا ماننا تھا کہ وہ ان کے تارکین وطن کے خلاف کریک ڈان میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ان افراد میں ہوم لینڈ سیکیورٹی کے سیکریٹری کرسٹجین نیلسن بھی شامل ہیں۔دوسری جانب امریکی صدر نے صحافیوں کے انکشافات کو جھوٹی خبرقرار دیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں سرحدی سیکیورٹی کے حوالے سے سخت ہوں گا، مگر اتنا بھی سخت نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں