اوٹاوا(عکس آن لائن) کینیڈا میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ نے کہا کہ وطن کے دفاع کے لئے ہماری مسلح افواج ہمت ، بہادری اور قربانیوں میں کسی سے پیچھے نہیں ، ہم مسئلہ کشمیر کے پر امن اور مذاکرات کے زریعے حل کے لئے پرعزم ہیں ، ہم جموں و کشمیر کے عوام کے لئے ہر قربانی دینے کے لئے ہمیشہ تیار ہوں گے، ہم کشمیری عوام کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ تنہا نہیں۔
تفصیلات کے مطابق کینیڈا میںپاکستانی ہائی کمیشن میں ہماری بہادر اور مسلح افواج کو خراج عقیدت پیش کرنے اور اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ نے کہا کہ وطن کے دفاع کے لئے ہماری مسلح افواج ہمت ، بہادری اور قربانیوں میں کسی سے پیچھے نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے ملک و قوم کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے حتمی قربانیوں کی پیش کش کی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی موجودہ صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے ہائی کمشنر نے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اعادہ کیا اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حق میں حمایت جاری رکھنے کے عزم کی تجدید کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر کے پر امن اور مذاکرات کے حل کے لئے پرعزم ہیں ، ہم جموں و کشمیر کے عوام کے لئے ہر قربانی دینے کے لئے ہمیشہ تیار ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیری عوام کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ تنہا نہیں ہیں ، پاکستان اس دن کو یوم یکجہتی کشمیر منارہا ہے۔ہائی کمشنر نے صدر مملکت عارف علوی ، وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے دفاع اور یوم شہدا کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔ میجر عزیز بھٹی شہید کے بیٹے کا ایک خصوصی پیغام بھی پڑھ کر سنایا گیا۔