اسلام(عکس آن لائن ) وزیراعظم عمران خان نے چیک پوسٹوں پر گڈز ٹرانسپورٹ سے بھتہ وصولی کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر کرایہ وصولی اور بھتہ خوری کمزور نگرانی یا چشم پوشی کی علامت ہے، بادی النظر میں بھتہ خوری کی پشت پناہی سے حاصل کی گئی رقوم حکام بالا تک جاتی ہے، سپروائزری آفیسرز اور وزارتوں میں انتظامی سربراہان کے خلاف بھی کارروائی ہو گی۔
وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس، ایکسائز، کسٹمز، رینجرز اور ایف سی اہلکاروں کی کراچی طورخم اور کراچی چمن روٹ پر ٹرکوں سے کرایہ وصولی کی شکایات بڑھتی جارہی ہیں، زبردستی کرایہ وصولی سے نہ صرف ذرائع آمدورفت کی کاسٹ میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ ملک کی بدنامی بھی ہوتی ہے۔ غیر قانونی طور پر کرایہ وصولی اور بھتہ خوری کمزور نگرانی یا چشم پوشی کی علامت ہے، غیر قانونی کرایہ وصولی یا بھتہ خوری ایکسائز اینڈ ڈیوٹی قوانین پر سوالیہ نشان ہے، بادی النظر میں بھتہ خوری کی پشت پناہی سے حاصل کی گئی رقوم حکام بالا تک جاتی ہے۔وزیراعظم آفس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے معاملے پر سختی سے نوٹس لیا ہے اور چیک پوسٹوں سے متعلق قوائد ضوابط میں تبدیلی کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ ملک بھر میں چیک پوسٹوں کی تعداد کم کی جائے، تمام ادارے ملٹی ایجنسی مشترکہ چیک پوسٹیں قائم کریں، عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں چیک پوسٹس کے گراونڈ اسٹاف کے خلاف بھرپور ایکشن لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ سپروائزری آفیسرز اور وزارتوں میں انتظامی سربراہان کے خلاف بھی کارروائی ہو گی۔