اسلام آباد (عکس آن لائن ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے غیر موثر اور زائد المیعاد شناختی کارڈز پر جاری شدہ موبائل سمز کو بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ غیر موثر اور زائد المیعاد شناختی کارڈز پر جاری شدہ سمز کارڈز کوجلد بند کیا جائے، نادرا پاکستان کی پہچان ہے، عوام کو تیز رفتار سروس فراہم کرنے کےلئے نادرا کے ماڈل آفس بنائے جائیں، ماڈل نادرا آفس کے قیام سے سروس ڈلیوری میں بہتری آئے گی اور عوام کو سہولت ملے گی،عوام کی سہولت کیلئے ڈیتھ سرٹیفیکٹ کی فیس ختم کی جا رہی ہے۔ جمعرات کو وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی ہیڈ کوارٹر پہنچے جہاں پر چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا استقبال کیا ۔وفاقی وزیر داخلہ نے نادرا ہیڈ کوارٹر کا تفصیلی دورہ کیا اور نادرا ہیڈکوارٹر کی پوری عمارت کا وزٹ کیا، پرنٹنگ سمیت تمام شعبے دیکھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت نادرا ہیڈ کوارٹر میں اہم اجلاس ہوا ۔
اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا، نادرا کے بورڈ ممبران اور نادرا کے تمام اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پنجاب میں بنائے گئے ماڈل تھانوں کی طرز پر ملک بھر میں ماڈل نادرا آفس بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نادرا پاکستان کی پہچان ہے، عوام کو تیز رفتار سروس فراہم کرنے کےلئے نادرا کے ماڈل آفس بنائے جائیں، ماڈل نادرا آفس کے قیام سے سروس ڈلیوری میں بہتری آئے گی اور عوام کو سہولت ملے گی۔ محسن نقوی نے کہا غیر موثر اور زائد المیعاد شناختی کارڈز پر جاری شدہ سمز کارڈز کوجلد بند کیا جائے،عوام کی سہولت کیلئے ڈیتھ سرٹیفیکٹ کی فیس ختم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا پنجاب میں ماڈل تھانوں کے قیام سے عوام کو سہولت کے ساتھ امیج میں بھی بہتری آئی ،پیدائش، موت، شادی اور طلاق کے سرٹیفکیٹس کے مسائل کو مثر طریقے سے حل کرنے کے لیے یونین کونسل دفاتر کے ساتھ ملکر سہل نظام متعارف کرایا جائے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ شہریوں کے ڈیٹا کی مکمل حفاظت کو یقینی بنایاجائے، عوام کی سہولت کیلئے موبائل پلیٹ فارمز پر مزید سہولیات فراہم کی جائیں، وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ادارے کے اقدامات کی ترویج کیلئے سوشل میڈیا کو موثر طریقے سے استعمال کیا جائے، تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے موجودہ چئیرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کی بہترین کارکردگی کو بھرپور انداز میں سراہا اور کہا کہ چئیرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیرافسر نے انتہائی محنت سے فرائض انجام دے کر نادرا کو پبلک فرینڈلی ادارہ بنایا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے سول رجسٹریشن میں بہترین خدمات انجام دینے پر ادارے کی خدمات کی تعریف کی گئی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کو نادرا ہیڈ کوارٹر میں تمام شعبوں کے بارے بریفنگ دی گئی،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے نادرا ہیڈکوارٹر کے لان میں شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا،چئیرمین نادرا نے۔
25 2024 کے لیے نادرا کا روڈ میپ پیش کیا،روڈمیپ میں جدید و مرحلہ وار سیکیورٹی آرکیٹیکچر، سائبر سیکیورٹی آڈٹ اور ملازمین کی سائبر سیکیورٹی سے متعلق آگاہی شامل ہے،نادرا سٹریٹجک پلان، جس میں شہریوں کی سو فیصد رجسٹریشن کے سلسلے میں اقدامات کی تفصیل بھی دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ نادرا ٹیکنالوجی و انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن اور رجسٹریشن مراکز کے آن لائن پلیٹ فارمز کو بھی بہتر بنائے جائیگا،جس سے مقامی شہریوں سمیت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی ان سہولتوں تک موثر انداز میں رسائی حاصل ہو گی،نادرا رجسٹریشن سنٹرز پر سیلف سروس کیوسک قائم کرنے اور موبائل رجسٹریشن فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے،منتخب مراکز پر شفٹوں کے اوقات کو بڑھانے اور ہفتہ وار تعطیل کے دنوں میں بھی سروس فراہم کرنے کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کو نادرا سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔