لاہور (عکس آن لائن)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے محنت کشوں کے حقوق کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ کورونا وباء کے پیش نظر محنت کشوں کا عالمی دن سادگی اور سماجی فاصلے برقرار رکھتے ہوئے منا رہے ہیں اور آج وطن عزیز ہم سے گھروں میں رہنے کا تقاضا کرتا ہے –
وزیر اعلی نے کہا کہ محنت کش ہمارے ہیرو ہیں جو رزق حلال کما کر معیشت کو مضبوط کرتے ہیں-1886 کو شکاگو میں محنت کشوں نے اپنے حقوق کیلئے لازوال قربانیاں دیں اور یہ دن ہمیں جبر و استبداد کے خلاف شکاگو کے شہداء کی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔دین اسلام محنت کش کی عظمت اور فلاح و بہبود کا درس دیتا ہے۔دین اسلام میں محنت کش کو اللہ کا دوست قرار دے کر اس کی عظمت کو اجاگر کیا گیا ہے۔
وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ نئے پاکستان میں محنت کش کو اس کے حقوق دینے کے لئے پرعزم ہیں۔نیا پاکستان محنت کشوں اور مزدوروں کا پاکستان ہے۔حکومت محنت کشوں کی فلاح وبہبود کیلئے حقیقی معنوں میں اقدامات کر رہی ہے جبکہ ماضی میں محنت کشوں کو وعدوں پر ٹرخایا گیااورسابق ادوار میں مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے عملی اقدامات نہیں کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ محنت کش طبقے کو ان کا جائز مقام دیئے بغیر پائیدار اقتصادی و سماجی ترقی حاصل نہیں کی جا سکتی۔ معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے میں محنت کشوں کا کلیدی کردار ہے۔ محنت کشوں کے بچوں کیلئے معیاری تعلیمی اداروں ، سوشل سکیورٹی ہسپتالوں اور لیبر کالونیوں کا قیام حکومت پنجاب کی مزدور دوست پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔یکم مئی مزدوروں کے حقوق کو یقینی بنانے کے بارے میں عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔