اسلام آباد(عکس آن لائن)وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلا س میں ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی کیلئے پائلٹ پراجیکٹ اسلام آباد سے شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کی اصل وجہ ذخیرہ اندوزی ہے، ذخیرہ اندوزی پر قابو پا لیا تو صورت حال میں نمایاں بہتری آئے گی۔
منگل کو وزیراعظم کی زیر صدارت مہنگائی کنٹرول کرنے سے متعلق اجلاس ہوا جس میں ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی کیلئے ٹائیگر فورس کو پہلا ٹاسک مل گیا ۔پائلٹ پراجیکٹ اسلام آباد سے شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ،ابتدائی طور پر اسلام آباد کی 9 ہزار دکانوں کی مانیٹرنگ ہو گی،ٹائیگر فورس کمشنر اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر کے ساتھ مل کر نشاندہی کریں گے،شہر کی تمام دکانوں پر ریٹ لسٹ اور اوورچارجنگ کی مانیٹرنگ ہوگی،
ٹائیگر فورس ضرورت سے زائد اسٹاک یا ذخیرہ اندوزی کی فوری نشاندہی کرے گی،ٹائیگر فورس کی نشاندہی پر ضلعی انتظامیہ فوری کارروائی کرے گی،کارروائیوں کی رپورٹ براہ راست وزیراعظم کو پیش کی جائیگی،ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے یا اوورچارجنگ کی صورت میں بھاری جرمانے ہوں گے۔وزیراعظم نے کہاکہ مسئلہ کی اصل وجہ ذخیرہ اندوزی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ ذخیرہ اندوزی پر قابو پا لیا تو صورت حال میں نمایاں بہتری آئیگی،انتظامیہ یقینی بنائے کہ ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت ایکشن ہو۔