سردار تنویر الیاس خان

وزیر اعظم آزاد کشمیر سر دار تنویر الیاس کی آزاد کشمیر میں پر امن بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر مبارکباد

اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیر اعظم آزاد کشمیر سر دار تنویر الیاس نے آزاد کشمیر میں پر امن بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کو آگے بڑھ کر مبارکباد دینا چاہیے تھی،ہمارے خلاف منفی خبریں پھیلائی جارہی ہیں،ہم نیت اور اخلاص سے آگے بڑھ رہے ہیں،ٹیکس کے محکمے سے کہا ہے دھمکی آمیز زبان استعمال نہ کرے،آزاد کشمیر کا ٹیکس کا نظام پورے ملک کیلئے مثال بنے گا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر سر دار تنویر الیاس نے کہاکہ کشمیری پچھلے 75 سال سے تکمیل پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں،کشمیریوں نے آزادی کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں،کشمیری ضرور اپنے مقصد میں کامیاب ہونگے۔

انہوںنے کہاکہ آج دنیا کی توجہ کشمیر کی طرف مبذول ہورہی ہے۔ سر دار تنویر الیاس نے کہاکہ میں ہندوستان سے کہتا ہوں کہ باز آجائو،عالمی پابندیاں نہ ہو تو ہم میدان میں مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوںنے کہاکہ 32 سال سے آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے،آزاد کشمیر کی لیڈرشپ اس بار بھی الیکشن کروانے کیلئے تیار نہیں تھی،آزاد کشمیر کی لیڈرشپ ہمیں بلیک میل کرتی رہی،ان بلدیاتی انتخابات میں ایک چاقو بھی نہیں چلا۔ انہوںنے کہاکہ پرامن الیکشن کے انعقاد پر آزاد کشمیر کی عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔انہوںنے کہاکہ آزاد کشمیر کی سیاست میں اس جیسا غیر جانبدارانہ الیکشن نہیں تھا۔سردار تنویر الیاس نے کہا کہ آزاد کشمیر کے رہنے والوں نے یہ الیکشن کروائے،پنجاب اور خیبرپختونخوا نے بھی فورسز فراہم کیں۔

انہوںنے کہاکہ الیکشن ہونے سے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا،یہ ایکشن پاکستان نے نہیں روکے ہوئے تھے،یہ الیکشن آزاد کشمیر کی لیڈرشپ کی ناکامی تھی،اپوزیشن کو آگے بڑھ کر مبارکباد دینا چاہیے تھی۔ انہوںنے کہاکہ میں اپوزیشن جماعتوں اور کارکنان کو مبارکباد دیتا ہوں،پرامن الیکشن کا انعقاد ہماری سب سے بڑی کامیابی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہندوستان پروپیگنڈہ کرتا تھا کہ پاکستان آزاد کشمیر میں بلدیاتی الیکشن نہیں ہونے دیتا۔ انہوںنے کہاکہ آزاد کشمیر کی پولیس اور اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہاکہ ہمارے خلاف منفی خبریں پھیلائی جارہی ہیں،ہم نیت اور اخلاص سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ آج آزادکشمیر میں ٹیکس فائلرز 37 ہزار ہوگئے،

ٹیکس کے محکمے سے کہا ہے دھمکی آمیز زبان استعمال نہ کرے۔ انہوںنے کہاکہ آزاد کشمیر کا ٹیکس کا نظام پورے ملک کے لیے مثال بنے گا،حکومت اور ادارے عوام کی خدمت کیلئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ آزاد کشمیر محکمہ شاہرات میں ای ٹینڈرنگ شروع کردی ہے۔ انہوںنے کہاکہ شاہرات کے بعد وزارت ہائوسنگ میں ای ٹیندرنگ شروع کررہے ہیں،آزاد کشمیر کی سیاحت میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں