دبئی (عکس آن لائن)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈکپ 2023 کے ورلڈکپ فائنل میں 1992 کے سابق کپتان عمران خان کی جگہ ذکا اشرف کو خصوصی تحفہ دیے جانے کا امکان ہے۔بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے 1975 سے 2019 تک جیتنے والی ٹیموں کے کپتانوں کو فائنل دیکھنے کیلئے مدعو کیا گیا ہے۔
بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان میگا ایونٹ کے فائنل سے پہلے تمام فاتح کپتانوں کو خصوصی بلیزر پیش کیا جائیگا۔ان کپتانوں میں کلائیو لائیڈ، کپل دیو، ایلن بارڈر، رانا ٹنگا، اسٹیو وا، رکی پونٹنگ، مہندرا سنگھ دھونی، مائیکل کلارک اور آئن مورگن شامل ہیں۔ 1992 کا ورلڈکپ جیتنے والے پاکستانی کپتان عمران خان میگا ایونٹ میں شرکت نہیں کریں گے۔
اس حوالے سے بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ فائنل سے قبل چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف سے بھارتی بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ نے درخواست کی ہے کہ وہ عمران خان کا خصوصی تحفہ (بلیزر) لیں۔