مین آف دی میچ شین واٹسن

واٹسن اور خرم منظور کی بہترین کارکردگی ، گلیڈی ایٹرزنے5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی

کراچی (عکس آن لائن)مین آف دی میچ شین واٹسن اور خرم منظور کی بہترین کارکردگی کی وجہ سے گلیڈی ایٹرز نے کنگز کے خلاف16.2 اوورز میں 154 رنز بناکر 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی،واٹسن نے 66 اور خرم منظور نے 63 رنز بنائے۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں اتوار کو کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 30ویں اور آخری لیگ میچ میں گلیڈی ایٹرز نے کنگز کے خلاف16.2 اوورز میں 154 رنز بناکر 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔

کراچی کنگز نے گلیڈی ایٹرز کو میچ جیتنے کے لئے 151 رنز کا ہدف دیاتھا۔ گلیڈی ایٹرز نے بھی کراچی کنگز کی طرح اپنی اننگ کا آغاز اچھا نہیں کیا اور اننگ کی دوسری گیند پر احمد شہزاد کے آؤٹ ہونے کے بعد خرم منظور کھیلنے کے لئے آئے۔ انہوں نے واٹسن کے ساتھ ملکر مجموعی اسکور کو 11.1 اوور میں 118 رنز تک پہنچایا اور اسی سکور پر خرم منظور ایک اچھی اننگ کھیلنے کے بعد وقاص مقصود کی گیند پر والٹن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، انہوں نے 40 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 9 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 63 رنز بنائے۔سرفراز احمد کے صرف 2 بناکر آؤٹ ہونے کے بعد اوپنر واٹسن بھی ایک اچھی اننگ کھیل کر پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 34 گیندوں پر 7 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 66 رنز بنائے، انہیں ارشد اقبال کی گیند پر بابر اعظم نے کیچ آؤٹ گیا۔واٹسن اور خرم منظور کے علاوہ گلیڈی ایٹرز کا کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہیں ہوسکا۔کنگز کے وقاص مقصود اور ارشد اقبال نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ علی خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

کنگز نے اپنے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے اور اس طرح گلیڈی ایٹرز کو میچ جیتنے کے لئے 151 رنز کا ہدف دیا،ڈیلپورٹ نے 62 اور کپتان بابراعظم نے 32رنز بنائے۔ کراچی کنگز کی اننگ کا آغاز مایوس کن تھاا، اننگ کی دوسری گیند پر اوپنر شرجیل خان کے کلین بولڈ ہونے کے بعد تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لئے آنے والے افتخار احمد بھی 32 رنز کے مجموعی اسکور پر سہیل خان کی گیند پر واٹسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 17 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 3 چوکوں کی مدد سے 21 رنز بنائے۔اوپنر کپتان بابر اعظم نے کنگز کی ٹیم کو کچھ سہارا دیا تاہم وہ بھی مجموعی اسکور 72 رنز پر فواد احمد کی گیند پر محمد نواز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے، انہوں نے اپنی اننگ میں 34 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 3 چوکوں کی مدد سے 32 رنز بنائے۔جس کے بعد ڈیلپورٹ اور ولٹن نے چوتھی وکٹ کی پارٹنرشپ میں 73 رنز کا اضافہ کیا۔ اس موقع پر والٹن 20 گیندوں پر 2 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 26 رنز بنانے کے بعد نسیم شاہ کی گیند پر محمد حسنین کی ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

جس کے فوراً بعد ہی ڈیلپورٹ بھی44 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 62 رنز بناکر محمد حسنین کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔کنگز نے اپنے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 150 رنز بنائے اور اس طرح گلیڈی ایٹرز کو میچ جیتنے کے لئے 151 رنز کا ہدف دیا۔ گلیڈی ایٹرز کے نسیم شاہ نے 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سہیل خان،فواد احمد اور محمد حسنین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔کراچی کنگز کی ٹیم کی قیادت بابر اعظم نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شرجیل خان،افتخار احمد، محمد رضوان، اوسامہ میر، علی خان، وقاض مقصود، عمرخان محمد، ارشد اقبال سمیت دو غیر ملکی کھلاڑی کیمرون ڈیلپورٹ اور وکٹ کیپر چیڈویک ولٹن شامل تھے۔اسی طرح کوئٹہ د گلیڈی ایٹرز کی قیادت وکٹ کیپر سرفرازاحمد نے کی اور دیگر کھلاڑیوں میں احمد شہزاد، محمد نواز،خرم منظور،محمد حسنین، محمد اعظم خان،نسیم شاہ، فواد احمد، سہیل خان سمیت دو غیر ملکی کرکٹرزشین واٹسن اور بین کنٹنگ شامل تھے۔

امپارنگ کے فرائض مائیکل گوف اور راشد ریاض انجام دئیے جبکہ ٹی وی امپائر احسن رضا تھے۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل 2020 کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی چاروں ٹیموں کا فیصلہ ہوگیاہے۔ ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل ملتان سلطانز کی ٹیم سابقہ چیمپئن پشاور زلمی کے خلاف کھیلے گی جبکہ دوسراسیمی فائنل کراچی کنگز اور لاہور قلندرزکے مابین کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں