لاہور(عکس آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے شہباز شریف کو مولانا فضل الرحمان کے اسلام آباد کے لاک ڈاون میں بھرپور شرکت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کبھی بھی ڈیل نہیں کروں گا بلکہ قانونی جنگ لڑوں گا اور ووٹ کو عزت دو کی بات پر قائم ہوں‘موجودہ حکومت جلد اپنے انجام کو پہنچنے والی ہے جب کہ ہمیں این آر او کا طعنہ دینے والے بہت جلد عوام سے این آر او مانگیں گے۔
سنٹرل جیل کوٹ لکھپت میں صدر مسلم لیگ (ن)شہباز شریف نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی، شہباز شریف کی 13 اگست کے بعد نواز شریف سے یہ پہلی ملاقات ہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ممکنہ ڈیل کی خبروں پر شہباز شریف اور نواز شریف میں مکالمہ بھی ہوا۔ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ میں کبھی بھی ڈیل نہیں کروں گا، قانونی جنگ لڑوں گا،
ووٹ کو عزت دو کی بات پر قائم ہوں، موجودہ حکومت جلد اپنے انجام کو پہنچنے والی ہے جب کہ ہمیں این آر او کا طعنہ دینے والے بہت جلد عوام سے این آر او مانگیں گے، عوام عمران خان اور ان کی کابینہ کا احتساب کرے گی۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں نواز شریف نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر دنیا کو جاگنا ہوگا، مقبوضہ کشمیر میں بھارت ظلم کر رہا ہے، دنیا آگے بڑھ کر اس مسئلے کو حل کروائے، اس موقع پر نواز شریف نے شہباز شریف کو مولانا فضل الرحمان کے اسلام آباد کے لاک ڈاون میں بھرپور شرکت کی بھی ہدایت کی ہے۔