شیخ رشید

نواز شریف اور آصف زرداری بیمار ہیں، دونوں کی بیماری پاکستان میں تو زیادہ واضح ہوتی ہے،شیخ رشید

کراچی (عکس آن لائن) وفاقی وزیر ریلو ے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف اور آصف علی زرداری بیمار ہیں لیکن دونوں کی بیماری جب پاکستان میں ہوتے ہیں تو زیادہ واضح ہوتی ہے اور جب باہر چلے جاتے ہیں تو کوئی مسئلہ نہیں رہتا۔ اپوزیشن کو معلوم ہونا چاہئے کہ ملک میں کوئی مائنس ون کا وجود نہیں، عمران خان وزیر اعظم ہیں اور5 سال پورے کریں گے۔

سوموار کے روز وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف اور آصف زرداری بیمار ہیں یہ جب پاکستان میں ہوتے ہیں تو بیماری زیادہ واضح ہوتی ہے جبکہ آصف زرداری جیل کاٹنے کے ماہر ہیں لیکن نواز شریف میں جیل کاٹنے کی ہمت ہی نہیں ہے۔وفاقی وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ کوئی مائنس ون نہیں ہے ۔ تحریک انصاف کی حکومت ہے اور عمران خان وزیر اعظم ہیں جبکہ یہ حکومت 5سال پورے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف اور آصف علی زرداری کی مستقبل میں کوئی سیاست نظر نہیں آ رہی ہے ۔

مریم نواز بھی پہلے سے ڈس کوالیفائی ہے اور اگر بلاول پلی بارگین نہیں کرے گا تو وہ بھی ڈس کوالیفائی ہوگا۔وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے بار ے میں حکومت کا موقف واضح ہے۔ جب سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ آ جائے گا تب وہ اپنی رائے دے گی کہ ایکٹ آف پارلیمنٹ بنانا ہے کہ آئینی ترمیم ہونی چاہئے۔ انہوں نے مزید گفتگو کرتے ہوئی کہا کہ پاکستان ریلو ے حیدر آباد سے کراچی کے درمیان شٹل سروس چلانے جا رہی ہے جبکہ اس سے پہلے لاہور سے واہگہ تک بھی شٹل سروس کیلئے کام شرو ع ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں