سڈنی (عکس آن لائن)ڈین جونز نے مصباح الحق اور وقار یونس کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔پاکستان ٹیم کا ہیڈ کوچ کے امیدوار ڈین جونز نے اپنی ناکامی کے باوجود کھلے دل سے مصباح الحق اور وقار یونس کو مبارکباد پیش کی ہے، سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ پر انہوں نے کہا کہ ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ کا عہدہ سنبھالنے پر اپنے دونوں ساتھیوں کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں، ہم نے مل کر چیمپئن شپس جیتی ہیں، امید ہے کہ دونوں پاکستان کیلیے بھی ایسی ہی کارکردگی دہرائیں گے۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل کی فرنچائز میں مصباح الحق کپتان اور وقار یونس ڈائریکٹر کے طور پر ڈین جونز کی کوچنگ میں کھیلنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ سے وابستہ رہے ہیں، ٹیم نے دوبار پی ایس ایل ٹائٹل پر قبضہ جمایا ہے، پی سی بی کے 5رکنی پینل نے ویڈیو لنک کے ذریعے ڈین جونز کا بھی انٹرویو لیا تھا لیکن ان کو نظر انداز کرتے ہوئے مصباح الحق کو ہیڈ کوچ مقرر کردیا گیا۔