اجتماعی قبر

میکسیکو جرائم اور اجتماعی قبور کا گڑھ، ایک اور اجتماعی قبر سے 50افراد کی لاشیں برآمد

میکسیکو سٹی(عکس آن لائن) میکسیکو جرائم اور اجتماعی قبروں کا گڑھ بننے لگا، تین ماہ کے دوران ایک اور اجتماعی قبر سے 50 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، 13 13افراد کی شناخت کے بعد ان کی باقیات اہل خانہ کے حوالے کردی گئی ہیں جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے جبکہ دیگر افراد کی شناخت اور موت کی وجہ سے متعلق تحقیقات جاری ہیں

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق میکسیکو کے مغربی شہر گیوڈیلجرا میں کھدائی کے دوران اجتماعی قبر ملی جس سے 50افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، تین ماہ کے دوران اجتماعی قبر ملنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ پچاس میں سے 13افراد کی شناخت کے بعد ان کی باقیات اہل خانہ کے حوالے کردی گئی ہیں جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے، جبکہ دیگر افراد کی شناخت اور موت کی وجہ سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔میکسیکو کی ریاست جالیسکو جرائم کا گڑھ ہے جبکہ گیوڈیلجرا بھی اسی ریاست کا شہر ہے، جہاں منشیات فروش گروہ اور گینگ کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ کافی عرصے سے جاری ہے، اور لاشیں ملنا بھی عام ہوتی جارہی ہیں۔

رواں سال ستمبر میں گیوڈیلجرا میں اجتماعی قبر سے 34 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں جبکہ مئی میں بھی 30 افراد ایک ہی گھڑے میں مدفن ملے تھے۔واضح رہے کہ میکسیکو میں 2006 کے آخر میں فوج کی جانب سے منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کیا گیا تھا جس کے دوران 40 ہزار سے زائد افراد لاپتہ ہوئے اور تب سے اب تک مختلف جھڑپوں اور واقعات میں ڈھائی لاکھ سے زائد افراد مارے جاچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں