کراچی (عکس آن لائن)جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ مینڈیٹ کے تحفظ کے بغیر بات چیت ممکن نہیں۔امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے پاس ہماری پوری فائلیں موجود ہیں، یہ نہیں کہا جاسکتاچھوڑیں اور آگے بڑھیں۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات آخری وقت تک ملتوی کرانے کی کوشش کی گئی، کراچی کے عوام نے بھرپور طریقے سے ووٹ کاسٹ کیا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی بلدیاتی انتخابات میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں تھی، چند یوسیز کا نہیں کراچی کے مستقبل کا معاملہ ہے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ایم کیو ایم کی پوری کوشش تھی انتخابات نہ ہوں، بلدیاتی انتخابات کرانے پر الیکشن کمیشن کو سراہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی کیلئے 1100ارب پیکج کا اعلان ہوا مگر عمل نہیں ہوا، گرین لائن، ریڈ لائن سمیت ہر منصوبے میں کرپشن ہورہی ہے۔جماعت اسلامی امیر نے کہا کہ کراچی دشمنی حقیقت سندھ اور پاکستان سے دشمنی ہے، شہر پر توجہ دی گئی ہوتی تو ملک معاشی مسائل کا شکار نہ ہوتا۔
حافظ نعیم الرحمان نے دعوی کیا کہ ماضی کی طرح نئی مردم شماری میں بھی جعلسازی کے منصوبے بن رہے ہیں۔اس سے قبل انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ معیشت کی بہتری کے لیے طویل اور قلیل مدتی پالیسی بنانا ہوگی، بڑی حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں کا رویہ غیر سنجیدہ ہے۔