کراچی (نمائندہ عکس) پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ میری خواہش ہے کہ وزیراعظم عمران خان استعفیٰ نہ دیں بلکہ وہ پارلیمنٹ آئیں اور پھر انہیں شکست ہو‘ٹرمپ کارڈ جس کے پاس ہوتا ہے وہ کسی کو بتاتا نہیں ‘ٹرمپ کارڈ کوئی بھی عوام کےخلاف استعمال نہیں کرسکتا‘ ڈالر‘ بجلی‘ تیل‘ اناج کی قیمتیں کہاں تک پہنچ گئیں کوئی پوچھنے والا نہیں؟‘عمران خان کو سینیٹ میں شکست ہوئی تو انہوں نے اعتماد کا ووٹ لیا تھا“عمران خان استعفیٰ دیں یا نہ دیں ہمیں اس سے کوئی سروکار نہیں۔
جمعرات کو نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں اظہار خیال کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما نے کہا کہ ٹرمپ کارڈ جس کے پاس ہوتا ہے وہ کسی کو بتاتا نہیں ہے۔خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کارڈ کوئی بھی عوام کےخلاف استعمال نہیں کرسکتا، ڈالر، بجلی، تیل، اناج کی قیمتیں کہاں تک پہنچ گئیں کوئی پوچھنے والا نہیں؟پی پی رہنما نے کہا کہ ان کی جانب سے تکلیف دہ الفاظ استعمال کیے جارہے ہیں، اتحادی جماعتیں ان کے ساتھ ہوتیں تو ایسے الفاظ کا استعمال نہیں کیا جاتا۔ایک سوال کے جواب میں خورشید شاہ نے بتایا کہ عمران خان کو سینیٹ میں شکست ہوئی تھی تو انہوں نے اعتماد کا ووٹ لیا تھا، چوہدری نثار کی ملاقاتیں ایک سال پہلے ہوئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان استعفیٰ دیں یا نہ دیں ہمیں اس سے کوئی سروکار نہیں، ہم چاہتے ہیں کہ عمران خان پارلیمنٹ میں آئیں اور پھر انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑے۔پی پی رہنما نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ عمران خان عہدے سے استعفیٰ نہیں دیں، پارلیمنٹ کو اہمیت نہ دیں تو کیا نتیجہ نکلتا ہےاس کا احساس کرانا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ ہمارے پاس آرہے ہیں وہ خود کو بچا رہے ہیں، ساڑھے3سال ہم نے انتظار کیا، میثاق معیشت کا بھی کہا، کشمیر سمیت دیگر اہم ایشوز پر میٹنگ ہوئیں، آرمی چیف آئے لیکن وزیراعظم نہ آئے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن والے سنبھل کر چل رہے تھے اور کہتے تھے، آئیں ساتھ بیٹھیں، کہا جاتا تھا کہ اپوزیشن ناکارہ ہے، نااہل اپوزیشن ملی ہے، پیپلز پارٹی کو مجبوراً طاقت کا مظاہرہ کرنا پڑا۔سید خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی جانب سے کہا گیا کہ 10لاکھ لوگ کھڑے کردوں گا دیکھتے ہیں کون پارلیمنٹ جاتا ہے، ہم آپ کا یہ طریقہ کار بھی دیکھ لیتے ہیں۔