لاہور(عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے فوکل پرسن فوڈ سکیورٹی و خصوصی اقدامات جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی شرح 38فیصد پر پہنچ چکی ہے لیکن نا اہلوں کا ٹولہ عوا م کو سبز باغ دکھانے سے باز نہیں آرہا ،عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے اور ان کے اندر جو لاوا پک رہا ہے وہ کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے ۔ زمان پارک میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ اب تک جو جائزہ سامنے آیا ہے اس کے مطابق گندم کی کم پیداوار کی وجہ سے ہمیں اگلے سال5ملین ٹن گندم درآمد کرنا پڑے گی ، نام نہاد تجربہ کاروں کے دور میں عوام کو روٹی کے لالے پڑے ہوئے ہیں جبکہ یہ سب اچھا کی رپورٹ دے کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بجلی جو پہلے ہی عوام کی پہنچ سے دور ہے اب مزید 70سے80فیصد مہنگی ہونے جارہی ہے، ہمارے دور میں کسان کو جو یونٹ 8روپے میں ملتا تھا وہ انہوںنے 16روپے کر دیا ہے اور اب یہ 30 سے 40روپے روپے پر چلا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے آنے والے دنوں میں مزید3 کروڑ لوگ بیروزگار ہوں گے جبکہ مزید 2کروڑ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے چلے جائیں گے۔