راولپنڈی(عکس آن لائن) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں بہتری کی طرف بڑھ رہے ہیں، عالمی اداروں نے پاکستان کی معیشت میں بہتری کا اعتراف کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی چیمبرز کا رکن رہا ہوں، موٹر سائیکل بیچ کر چیمبرز کی فیس جمع کروا کر ممبر بنا تھا۔
شیخ رشید نے کہا کہ ایک وقت آیا کہ میں سلک کا سب سے بڑا ایکسپورٹر بنا۔ میں نے بزنس کے بجائے سیاست کو ترجیح دی، 8 بار وفاقی وزیر رہا، کبھی کسی تاجر سے بھتہ نہیں لیا۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کی خواتین تعلیم میں پہلے نمبر پر ہیں۔وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون سے راولپنڈی تا کراچی کا سفر صرف 8 گھنٹے ہوجائے گا، ایم ویل ون سے ایک لاکھ ملازمت کے مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ کل موڈیز نے پاکستان کے بہتر نتائج کی رپورٹ دی ہے، عمران خان کی قیادت میں بہتری کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ عالمی اداروں نے پاکستان کی معیشت میں بہتری کا اعتراف کیا ہے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں چھوٹے موٹے مسئلے لگے رہتے ہیں۔
پاکستان کا بہترین اسپتال راولپنڈی میں بننے جا رہا ہے۔ اس اسپتال میں 14 آپریشن تھیٹر ہوں گے۔ وزارت ریلوے کا خسارہ 3 سال میں ختم کریں گے۔