اسلام آباد (عکس آن لائن )جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حماس کے نائب الشیخ صالح العاروی کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاہے کہ حماس رہنماء صالح العاروری کی اسرائیلی ڈرون حملے میں شہادت سے دل رنجیدہ اور غمزدہ ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے اپنے بیان میں کہاکہ اللہ کریم شیخ کی شہادت قبول فرمائے اور اعلیٰ درجات کا سبب بنائے۔ انہوںنے کہاکہ شیخ صالح کی شہادت سے فلسطینی بھائیوں کی جدوجہد آزادی کو تقویت ملے گی۔انہوںنے کہاکہ شیخ صالح کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔انہوںنے کہاکہ اسرائیلی جارحیت کے مقابلے میں صف آراء حماس اور فلسطینی بھائیوں کے ساتھ پوری پاکستانی قوم شانہ بشانہ ہیں۔
انہوںنے کہاکہ اسرائیل کی جارحیت پر نام نہاد انسانی حقوق کے علمبرداروں کی خاموشی ان کی دوغلی پالیسی کی عکاس ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالی پر مغرب برابر کامجرم ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ بچوں ،عورتوں اور بوڑھوں کے ساتھ ہونے والے ظلم پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ حماس رہنماؤں سے شیخ صالح کی شہادت پر اظہار تعزیت کرتا ہوں۔