اسلام آباد(عکس آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما معروف وکیل بابر اعوان نے کہا ہے کہ موجودہ قوانین پر مریم نواز کو جانے کی اجازت نہ دینا قانون کی بالا دستی ہے، نواز شریف کی بیماری پر ہم نے کوئی سیاست نہیں کی۔تفصیلات کے مطابق معروف وکیل بابر اعوان نے کہا ہے کہ جتنے بھی بیمار تھے وہ لندن پہنچتے ہی صحت مند ہوجاتے ہیں، سیاسی قیادت کی جانب سے عدالتوں کو سچ بتانے کی توقع کرتے ہیں۔
بابر اعوان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی بیماری پر ہم نے کوئی سیاست نہیں کی، پارٹی کا فیصلہ تھا سزا یافتہ شخص کو حکومت اجازت نہیں دے گی۔ پاکستان کے ڈاکٹرز اور ٹیسٹ لیبارٹریز پر عدم اعتماد کیا گیا۔ موجودہ قوانین پر مریم نواز کو جانے کی اجازت نہ دینا قانون کی بالا دستی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان ہا وس تبدیلی کا کوئی جواز نہیں اور نہ ایسا ممکن ہے، اداروں میں تصادم صرف 1997 میں ہوا جب عدالت پر حملہ ہوا تھا۔ اداروں میں تصادم کے خدشے کو پیرا 66 سے جوڑا جا رہا ہے۔بابر اعوان کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کیس میں حکومت آئینی اور قانونی طریقہ کار اپنائے گی۔ حکومت مناسب سمجھے گی تو پرویز مشرف کیس پر عدالت جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو تقریری مقابلوں کے بجائے قانون سازی کا ادارہ بنانا ہوگا، تمام اداروں کا کسٹوڈین ایگزیکٹو ہے۔ حکومت نے کسی بھی جگہ پر مسائل کے حل کو انا کا مسئلہ نہیں بنایا۔
میڈیا سے درخواست ہے مثبت سوچ کو ترجیح بنایا جائے۔بابر اعوان نے مزید کہا کہ خصوصی عدالت کے فیصلے پر مشرف کی غیر حاضری میں اپیل دائر ہوسکتی ہے۔