لاہور(عکس آن لائن )استحکام پاکستان پارٹی کے سینئر نائب صدر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ ملک کو مشکل حالات سے نکالنے کیلئے غیر معمولی فیصلے نا گزیر ہیں ، عوام سے جو وعدے کئے گئے ہیں انہیں پورا کرنا ہوگا کیونکہ اب اس کے سوا کوئی چارہ نہیں ،
وہ اقدامات اٹھائے جائیں جس سے زیادہ سے زیادہ زر مبادلہ آ ئے ، حلقہ این اے97 کی ترقی وخوشحالی کے لئے اپنی استعداد سے بڑھ کر کام کریں گے۔ اپنے بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے ہر طبقہ پریشان ہے ، عوام کو روزگار کی فراہمی کیلئے صنعتوں کو ترقی خصوصاًچھوٹے کاروبار شروع کرنے کیلئے بلا سود قرضوں کی صورت میں مالی معاونت دی جائے ،وفاقی اور صوبائی حکومتیں زراعت پر خصوصی توجہ دیں ، زرعی لوازمات کی کنٹرول پرائس پر فراہمی سمیت زرعی ٹیوب ویلوں کو سولر پر منتقل کرنے کا منصوبہ شروع کیا جائے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے عوام بد حال ہیں اور رہی سہی کسر بجلی اور گیس کے بھاری بلوں نے نکال دی ہے ،حکومت کم آمدن والے طبقات کے لئے ریلیف کا کوئی انتظام کرے ۔ انہوںنے مزید کہا کہ حلقہ این اے97 کے عوام سے مسلسل رابطہ ہے اور اس میں تعطل نہیں آئے گا،ہمارے نمائندے بھی حلقے کے لوگوں سے رابطے میںہیں ، ہماری جہاں بھی ضرورت ہو گی ہم حاضر ہوںگے۔ انہوں نے کہا کہ حلقے کے نوجوانوں کو سمت دیں گے ، کوشش کریں گے نوجوانوں کے لئے اپنے طور پر سکیمیں شروع کریں ۔