راولپنڈی (عکس آن لائن) ملک بھر میں ٹرین آپریشن کا آغاز ہوگیا ہے، صبح سویرے کئی ٹرینیں اپنی منازل کے لیے روانہ بھی ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق ٹرین آپریشن کی جزوی بجالی کے پہلے روز راولپنڈی سے لاہور کے لئے ایک اور کراچی کیلئے دو ٹرینیں روانہ ہوئیں، ساتھ ہی کراچی اور لاہور سے بھی متعدد ٹرینیں اپنی منزل مقصود کی جانب روانہ ہوئیں۔
آج سبک رفتار صبح 7:30 بجے لاہور سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوئی،جبکہ قراقرم ایکسپریس دوپہر 3 بجے لاہور سے کراچی کے لیے روانہ ہوگی، پاک بزنس ایکسپریس سہ پہر 4:30 پر لاہور سے کراچی کے لیے روانہ ہوگی، شاہ حسین ایکسپریس شام 7 بجے لاہور سے کراچی کے لیے روانہ ہوگی۔
کراچی سے پشاور کے لیے عوام ایکسپریس صبح 10 بجے اپنی منزل کی جانب روانہ ہوچکی،اسی طرح عوامی ایکسپریس ساڑھے 8 بجے کراچی کے لیے روانہ ہوئی جبکہ کوئٹہ کے لیے جعفر ایکسپریس ساڑھے نو بجے، کراچی کے لیے خیبر میل رات 11 بجے روانہ ہوئی۔
ٹرین آپریشن کی جزوی بجالی کے پہلے روز مسافروں کی تعداد انتہائی کم رہی اور ٹکٹس کی آن لائن بکنگ کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
وزیر ریلوے شیخ رشید کے مطابق ابتدائی طور پر تیس ریل گاڑیاں چلیں گی جو چالیس فیصد خالی ہوں گی، مسافروں کوایک گھنٹے پہلے ماسک پہن کر اسٹیشن پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ مسافروں کے عزیز واقارب کا اسٹیشن میں داخلہ بند کردیا گیاہے۔