اسلام آباد (عکس آن لائن) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے جائز اور قانونی حقوق کی آواز کی گونج یورپی پارلیمنٹ میں سنائی دی، یورپی پارلیمنٹ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو تشویشناک قرار دیا، یورپی پارلیمنٹ نے مقبوضہ کشمیر میں فوری کرفیو اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔
منگل کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کی آہوں اور سسکیوں نے عالمی ضمیر جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، بھارت حق اور سچ کی آواز نہیں دبا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے جائز اور قانونی حقوق کی آواز کی گونج یورپین پارلیمنٹ میں سنائی دی،بھارتی گھمنڈ اور تکبر خاک میں مل رہا ہے اور ہر طرف سے اسے منہ کی کھانی پڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی پارلیمنٹ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو تشویشناک قرار دیا، یورپی پارلیمنٹ نے مقبوضہ کشمیر میں فوری طور پر کرفیو اٹھانے کا بھی مطالبہ کیا ہے، وہ دن دور نہیں جب وادی جنت نظیر میں آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کے پہیے پنکچر کرنے والے آج کس منہ سے دوسروں کو لیکچر دے رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق معیشت کی بہتری اور اصلاحات کے ایجنڈے پر کاربند ہیں،برآمدات میں اضافہ، کرنٹ اکاﺅنٹ خسارے اور درآمدات میں واضح کمی آئی ہے، ٹیکس گزاروں کی تعداد میں اضافے کی کاوشیں بھی رنگ لا رہی ہیں