اشرف بھٹی

معاشی صورتحال پرروایتی سیاست کا تڑکا لگانے کی بجائے قوم کو اصل حقائق سے آگاہ کیا جائے ‘ آل پاکستان انجمن تاجران

لاہور/گوجرانوالہ( عکس آن لائن) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت معاشی صورتحال پر روایتی سیاست کا تڑکا لگانے کی بجائے قوم کو اصل حقائق سے آگاہ کرنے کیساتھ حالات کو سدھارنے کیلئے اپنے اقدامات بارے بھی بتائے ،بے یقینی کی کیفیت کی وجہ سے کاروباری حالات میں شدید مندی کا رجحان ہے جس کی وجہ سے اخراجات پورے کرنے کابھی مشکل ہو گیا ہے ۔ان خیالات کا اظہارا نہوں نے گوجرانوالہ انجمن تاجران کے عہدیداروں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ معیشت ایک سنجیدہ موضوع ہے اور قوم کو اصل حقائق سے آگاہ کرنے والے بھی سنجیدہ مزاج کے حامل ہونے چاہئیں ۔

موجودہ حالات میں عوام میں اس قدر مایوسی پھیلا دی گئی ہے کہ طرح طرح کی افواہیں گردش کر رہی ہیں جس کے ہر شعبے پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں ،یہ افواہیں صرف پاکستان کے اندر نہیں بلکہ بیرو ن ممالک بھی سفر کرتی ہیں۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت تاجروںسمیت عوام کو آگاہ کرے کہ معیشت کی بہتری کیلئے کیا اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ مہنگائی کی شرح بڑھنے سے لوگوں کی قوت خرید کم ہو رہی ہے جبکہ اس کے ساتھ بے یقینی کی کیفیت کی وجہ سے کاروباری حالات میں شدید مندی کا رجحان ہے جسے بہتر کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں