لاہور،(زاہد انجم سے) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا کہ مسیحیوں کیلئے ایسٹر تہوار سرمایہ افتخار ہے۔ ایسٹر کے فلسفہ میں میں انسانیت سے محبت کا رازپنہاں ہے۔پاکستان میں صحت اورتعلیم سمیت مختلف شعبہ جات میں مسیحی برادری کی گرانقدرخدمات ناقابل فراموش ہیں۔پاکستان میں ہمیشہ ان کی خدمات کا اعتراف کیاجاتا ہے، پوری قوم ایسٹر کے سلسلہ میں اپنے مسیحی بہن بھائیوں کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاہور جنرل ہسپتال میں مریضوں کی بہتر دیکھ بھال اور ہسپتال کے انتظامی معاملات کو احسن اندازسے چلانے اور آنے والے مریضوں کی دن رات نگہداشت اور علاج گاہ کو مریض دوست بنانے کے ساتھ صاف ستھرا رکھنے میں مسیحی ملازمین ہمیشہ پیش پیش نظر آتے ہیں۔پرنسپل پی جی ایم آئی نے پاکستان میں رہنے والی مسیح برادری کے جذبہ حب الوطنی اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ان کی بے لوث خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قومی ترقی میں بے مثال شرکت اور خدمات ہماری قومی تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔ ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم نے نے کہا کہ ایسٹر کا پیغام محبت اور انسانیت کا احترام ہے ۔ انہوں نے ایسٹر کے تہوار پر مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ساری انسانیت کا خالق و مالک ایک ہی ہے، اصل خوشی باہم مل جل کر رہنے میں ہے۔
ڈاکٹر لیلیٰ شفیق اور نرسنگ سپرنٹنڈنٹ مسز میمونہ ستار کا کہنا تھا کہ ہمیں سب سے پہلے انسانیت کو اہمیت دیناہوگی،وطن عزیز کا ہر شہری خواہ اُس کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو وہ پاکستانی ہے اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہم سب ایک ہی صف میں کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے ساتھ ساتھ ریاست کی تعمیرو ترقی، اس کے دفاع اور عدلیہ میں بھی مسیحی برادری کے لوگ تاریخی خدمات سر انجام دے رہے ہیں جن کو ہر سطح پر سراہا جاتا ہے۔ کرسچین کمیونٹی میں یہ تہوار40روزے مکمل ہونے پر بھرپورجوش وجذبہ کے ساتھ منایا جاتا ہے جو ان کی عید ہے۔انہوں نے شعبہ طب میں بھی مسیحیوں کی شاندارپیشہ ورانہ خدمات کو مستحسن قراردیتے ہوئے انہیں ایسٹر کی مبارکباد دی اوران کیلئے اپنی نیک خواہشات کااظہارکیا۔