لاہور(عکس آن لائن) پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیو ٹ و امیر الدین میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ تمام ہسپتالوں میں انفیکشن فری ماحول فراہم کرنے اور مریضوں کی جلد صحتیابی کیلئے سی ایس ایس ڈی میں ڈپلومہ کورسز کا اجراء وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ اس شعبہ میں کام کرنے والے ملازمین عالمی معیار کے مطابق طبی آلات، میڈیکل کٹ، شیٹ اور آپریشن تھیٹر کی دیکھ بھال کر سکیں اور انہیں طے شدہ اصولوں کے مطابق جراثیم سے پاک محفوظ بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا انفیکشن فری ماحول کی فراہمی سے ڈاکٹرز اور سرجنز کی محنت بھی جلد اپنا رنگ دکھاتی ہے اور مریض تیزی سے صحت یاب ہوتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی ایس ایس ڈی انٹرنیشنل ویک کی مناسبت سے لاہور جنرل ہسپتال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر جودت سلیم،پروفیسر فاروق افضل، ڈاکٹر لیلیٰ شفیق، ڈاکٹر عرفان ملک، ڈاکٹر احمد نعیم،محمد حسنین،اسلم سیال، منظور حسین و دیگر نے صفائی ستھرائی کے بنیادی اصولوں سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایل جی ایچ ڈاکٹر عبدالرزاق، اے ایم ایس ڈاکٹر ریاض حفیظ، نرسنگ سپروائزر انور سلطانہ سمیت نرسز اورطبی ملازمین بڑی تعداد میں موجود تھے۔
پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کے ہسپتالوں میں سی ایس ایس ڈی کے شعبے کو ریڑھ کی ہڈی سمجھا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ مذکورہ ممالک کے ہسپتالوں میں آپریشن کے بعد اینٹی بائیو ٹک ادویات کا استعمال نہ ہونے کے برابر ہے کیونکہ آپریشن اور پروسیجرز میں استعمال ہونے والے آلات و دیگر اشیاء جراثیم سے مکمل طور پر پاک ہوتے ہیں۔ پروفیسر الفرید ظفر کا مزید کہنا تھا کہ جن ہسپتالوں میں سی ایس ایس ڈی کے شعبہ کے بہتر معیار کو یقینی بنانے کیلئے بروقت توجہ نہیں دی جاتی وہاں مریضوں میں انفیکشن پھیلنے کی شرح زیادہ ہوتی ہے جس سے نہ صرف مریض کو شدید تکلیف اور دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ معالجین کیلئے بھی ایسے کیسز کو ہینڈل کرنا ایک چیلنج سے کم نہیں ہوتااور یہ صورتحال ڈاکٹروں اور مریضوں دونوں کے لئے خطرے کا باعث ہوتی ہے۔
سربراہ جنرل ہسپتال پروفیسر الفرید ظفر نے مزید کہا کہ پاکستان میں اینٹی بائیوٹک ادویات کے کثرت سے استعمال کی بڑی وجہ ہسپتالوں میں سی ایس ایس ڈی کے شعبہ کو نظر انداز کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپیشلائزیشن کے دور میں دیگر شعبوں کی طرح نرسز کو سی ایس ایس ڈی کے شعبہ میں بھی خصوصی تربیت دی جائے کیونکہ صرف ٹرینڈ عملہ بالخصوص نرسز ہی سی ایس ایس ڈی کے شعبہ کو بہتر انداز میں چلا سکتی ہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ لاہور جنرل ہسپتال کو انفیکشن فری ہسپتال بنانے کے لئے تمام ملازمین ایک صفحے پر متفق ہیں اور دن رات اپنی تمام تر توانائیاں بروکار لا رہے ہیں جبکہ وہ خود بھی اس شعبے میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں تاکہ اس ادارے کا معیار مزید سے مزید بہتر بنایا جا سکے۔