مریم اورنگزیب

مخالفین کا لیول پلیئنگ فیلڈ کے حوالے سے ابھی سے رونا ان کی شکست کی نشاندہی کرتا ہے، مریم اورنگزیب

لاہور(عکس آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن )کی ترجمان اور سابق وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین لیول پلیئنگ فیلڈ کا رونا نہ روئیں اور فیلڈ میں نکل کر مقابلہ کریں، مخالفین کا لیول پلیئنگ فیلڈ کے حوالے سے ابھی سے رونا ان کی شکست کی نشاندہی کرتا ہے، نوازشریف نے مظالم بھلا کر ملک کیلئے واپس آنے کا کہا اور عوام کے مسائل سے بات شروع کی، بجلی اور روٹی پر بات کی اور صرف پاکستان کے عوام کی بات کی، ہمارا منشور پاکستان کے عوام کے مسائل سے جڑا ہے، ہم نے عوام کو ریلیف دیا تھا اور ایک بارپھر دیں گے،

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے، مریم اورنگزیب نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ 21اکتوبر کو پورے پاکستان نے دیکھ لی ہے اور21اکتوبر کے بعد پاکستان کے عوام نے سابق وزیر اعظم نوازشریف کے حق میں فیلڈ کا اعلان کر دیا ہے،انہوں نے کہا کہ مخالفین کا لیول پلیئنگ فیلڈ کے حوالے سے ابھی سے رونا ان کی شکست کی نشاندہی کرتا ہے،مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مخالفین ایک طرف لیول پلیئنگ فیلڈ کا رونا روتے ہیں اور دوسری طرف کلین سوئپ کا کہتے ہیں، 21اکتوبر سے ہماری انتخابی مہم کا آغاز ہو چکا ہے اور عوام نے 21اکتوبر کو اپنے ووٹ اور سپورٹ کا فیصلہ سنا دیا ہے،انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے مظالم بھلا کر ملک کیلئے واپس آنے کا کہا اور عوام کے مسائل سے بات شروع کی،

انہوں نے بجلی اور روٹی پر بات کی اور صرف پاکستان کے عوام کی بات کی،ترجمان نون لیگ نے کہا کہ ہمارا منشور پاکستان کے عوام کے مسائل سے جڑا ہے، ہم نے عوام کو ریلیف دیا تھا اور ایک بارپھر دیں گے،لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے شاندار استقبال پر پورے پاکستان کے کارکنان کا شکریہ ادا کیا،ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو پانامہ کا شور مچا کر منصب سے ہٹایا گیا ،

انہیں منصب سے ہٹانے کی تصحیح ملک کیلئے بہتر ہے، عوام کو موقع دیں، انہیں فیصلہ کرنے دیں کہ وزیراعظم کسے بنانا ہے، نوازشریف چوتھی باربھی وزیراعظم بنیں گے،مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہبازشریف نے مثالی اتحادی حکومت چلائی، اتحاد میں شامل جماعتوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتی ہوں، فلسطین میں ظلم اور گناہ ہو رہا ہے، بچوں اور خواتین کو شہید کیا جا رہا ہے، 11نومبر کو فلسطین سے اظہار یکجہتی کا ایجنڈا رکھا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں