نہر میں شگاف

محکمہ نہر کی غفلت سے نہر میں شگاف پڑگیا، سینکڑوں ایکڑ زرعی اراضی زیرآب آگئی

حجرہ شاہ مقیم ( عکس آن لائن)حجرہ شاہ مقیم میں گاﺅں کندووال کے قریب بڑی خانواہ نہر میں شگاف پڑنے سے سینکڑوں ایکڑ زرعی اراضی اور متعدد دیہات زیر آب آگئے ،تیار فصلوں میں پانی نے تباہی مچا دی جس سے کسانوں کو بھاری نقصان کا سامنا اور دیہاتوں میں لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ،

علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت عارضی بند باندھ کر پانی کا بہاﺅروک دیا ہے جبکہ محکمہ کا انہار کا عملہ بھی اطلاع ملنے پر پہنچ گیا اور نہر کا کنارہ درست کرنے کا کام شروع کر دیا ہے،حجرہ شاہ مقیم میں محکمہ انہار کی غفلت سے نہر کے کنارے ٹوٹنے کے واقعات میں آئے روز اضافہ ہورہا ہے جس سے خانواہ نہر کا پانی بڑے ریلے کی صورت میں جہاں سینکڑوں ایکڑ کی فصلوں کو تباہ کر دیتا ہے وہاں دیہاتوں میں پانی داخل ہونے سے مکینوں کے لئے جینا محال ہو جا تا ہے ،ذرائع نے آئی این پی کو بتایا کہ محکمہ انہار کے بیلدار نہر کے کنارے پر جانوروں کے بنائے سوراخوں اور بلوں کی پرواہ نہیں کرتے جن سے وہ سوراخ بڑے ہو کر شگاف بن جاتے ہیں جبکہ نہر کنارے لگے درختوں کی جڑیں کناروں کی مضبوطی کا باعث ہو تی ہیں مگر اب غیر قانونی طور پر کیے گئے درختوں کے قتل عام سے درخت بھی اب نہ ہونے کے برابر رہ گئے ہیں ،دیہاتی اپنے مویشیوں کو سنہر میں نہلاتے ہیں اور مویشیوں کے نہر میں اترنے چڑھنے سے کنارے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوتے ہیں جنکی درستگی کےلئے محکمہ انہار کی طرف سے توجہ نہیں دی جاتی ،علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ نہروں میں شگاف پڑنے کے واقعات کی روک تھام اور کسانوں کو بھاری نقصانات سے بچانے کےلئے نہروں کے کنارے پختہ کیے جائیں ۔

محکمہ نہر کی غفلت سے نہر میں شگاف پڑگیا، سینکڑوں ایکڑ زرعی اراضی زیرآب آگئی” ایک تبصرہ

اپنا تبصرہ بھیجیں