لاہور(عکس آن لائن) محکمہ صحت نےاسپتالوں میں احتجاج،ریلیوں پرمکمل پابندی عائد کر دی، اسپتالوں میں بینر، پمفلٹ، پوسٹر لگانے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب نےاسپتالوں میں احتجاج اورریلیوں پرپابندی لگادی، اسپتالوں میں سیاسی اجتماع،حکومت مخالف بینر، پمفلٹ، پوسٹرلگانے پر بھی پابندی عائد کردی گئی۔مراسلے میں اسپتالوں اور تعلیمی اداروں کے سربراہوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس پابندی پر مکمل عمل درآمد کریا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے۔
مراسلے میں علاج معالجےمیں خلل ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔یاد رہے کہ رواں سال مارچ میں محکمہ صحت پنجاب نے تمام سرکاری اسپتالوں کو مراسلہ جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ تعلیمی قابلیت پرپورا نہ اترنے والے ڈاکٹرز آئندہ ڈیوٹی اوقات میں گان نہیں پہنیں گے۔محکمہ پنجاب نے متعلقہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کو پابند کیا تھا کہ وہ ملازمین کو کارڈ جاری کریں، ڈیوٹی کے دوران سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرز اور عملے کا ملازمت کارڈ پہننا ضروری ہوگا۔نوٹی فکیشن میں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ کارڈ پر ڈاکٹر اور دوسرے ملازم کا عہدہ سمیت دیگر تفصیلات درج ہوں گی، متعلقہ حکام اسپتالوں کا اچانک دورہ کر کے معائنہ کریں گے۔