کپاس

محکمہ زراعت کی ستمبرکے پہلے15 روزمیں کپاس کی بہترنگہداشت کیلئے حکمت عملی جاری

ملتان (عکس آن لائن):محکمہ زراعت نے ستمبر کے پہلے 15 روز میں کپاس کی بہتر نگہداشت کیلئے حکمت عملی جاری کردی ،کاشتکارجڑی بوٹیوں کے موثر تدارک کیلئے شیلڈ چڑھا کر بوقت ضرورت گلائیفوسیٹ اورسوان کی کے تدارک کیلئے ہیلوکسی فوپ سپرے کریں۔ایک بیان میں محکمہ زراعت نےکہا کہ کھیت کے ارد گرد جڑی بوٹیوں کی تلفی کو یقینی بنائیں، گلائیفوسیٹ کی عدم دستیابی کی صورت میں پیراکوٹ سپرے کریں، پتا مروڑ وائرس کے تدارک اور زیادہ پھل کیلئے پوٹاشیم نائٹریٹ + بورک ایسڈ + زنک سلفیٹ + میگنیشم سلفیٹ اور این پی کے پانی میں حل کرکے ہفتے کے وقفے سے دو سپرے کریں۔ اگر کپاس کی بڑھوتری رک چکی ہے یا قد چھوٹا ہے تو 10 ستمبر تک ہر پانی کے ساتھ ایک بوری یوریا کا استعمال کریں، سفید مکھی کے موثر تدارک کیلئے نباتاتی محلول کوڑتما 600 گرام + تمباکو600 گرام + نیم 600 گرام + اک 600 گرام اور ہنگ 10 گرام 100لٹر پانی میں حل کرکے فی ایکڑ کا سپرے کریں، کھیت میں پیلے چپکنے والے کارڈ بحساب آٹھ فی ایکڑ استعمال کریں اور انہیں 15 دن کے وقفے سے تبدیل کریں۔حیاتیاتی کنٹرول کیلئے کرائیسوپرلا اور ٹرائیکوگراما بحساب 20 کارڈ فی ایکڑ لگائیں،اگر حملہ نقصان کی معاشی حد سے زیادہ ہو تو انڈے اور بچوں کی روک تھام کیلئے سپائیروٹیٹرامیٹ یا یپروفیزن یا پائری پراکسی فن سپرے کریں جبکہ بالغ سفید مکھی کی روک تھام کیلئے اسیٹا میپرڈ یا ڈایا فینتھیوران سپرے کریں۔

زرعی زہروں کے استعمال کے 5 دن بعد پلانٹ ایکسٹریکٹس کے سپرے کو یقینی بنائیں،کپاس کے کھیتوں میں ارد گرد پائی جانے والی ملی بگ کے میزبان پودوں کی تلفی کو یقینی بنائیں،چند پودوں کے حملے کی صورت میں پودے اکھاڑ کر پولی تھین بیگ میں ڈال کر کھیت کے باہر زمین میں دبا دیں،ٹکڑیوں میں حملے کی صورت میں متاثرہ پودوں کی نشاندہی کریں اور ملی بگ کے تدارک کیلئے میلاتھیان یا پروفینو فاس کا سپرے کریں اور 4 دن کے وقفے سے سپرے دہرائیں،اس دوران پانی کی کمی نہ آنے دیں۔محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے ہلکی آبپاشی کریں اورفصل کا ہفتے میں 2 بار باقاعدگی سے معائنہ (پیسٹ سکاٹنگ) کرتے رہیں جبکہ حملہ معاشی حد نقصان سے بڑھنے کی صور ت میں سفارش کردہ زہریں مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے سپرے کریں۔ صاف ستھری چنائی کریں تاکہ اچھی قیمت وصول ہوسکے۔ گندم کی بروقت کاشت اور بہتر پیداوار کے حصول کیلئے کھڑی کپاس میں گندم کاشت کریں،تمام کاشتی امور محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کے مطابق کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں