فیصل آباد(عکس آن لائن) محکمہ زراعت نے زیادہ کپاس اگاؤ معیشت بڑھاؤ مہم کا آغاز کر د یا ہے اور کاشتکاروں کو ہدائت کی ہے کہ وہ کپاس کی کاشت کا عمل مقررہ شیڈول کے مطابق مکمل کر لیں تاکہ بمپر کراپ کا حصول ممکن ہو سکے۔
محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہا کہ کاشتکار گندم کے مڈھوں کو زمین میں دفن کرنے کیلئے ڈسک ہیرو چلائیں تاکہ زمین کی زرخیزی بڑھائی جا سکے جبکہ پانی اور اجزائے خوراک کی یکساں تقسیم اور پانی کی بچت کیلئے لیزر لیولر کا استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار صحت مند بیج کے اگاؤ کیلئے منظور شدہ اقسام اور بلحاظ علاقہ تصدیق شدہ بیج کاشت کریں اور کاشت سے قبل کپاس کے بیج کا بُر اتار لیں جس سے بیج کی کوالٹی بہتر ہوتی ہے اور پودا بہت سی بیج میں موجود بیماریوں سے محفوظ رہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کاشتکار بیج کو کیڑے مار اور پھپھوندی کش زہر لگا کر کاشت کریں تاکہ زمین سے بیج سے پیدا کردہ بیماریوں سے بچا جا سکے جس کیلئے امیڈاکلورپرڈ 70WSبحساب 5گرام فی کلوگرام بیج یا تھایا میتھوگزام 70WSبحساب 3گرام فی کلوگرام بیج اور سفارش کردہ پھپھوندی کش زہر استعمال کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس طرح نوزائیدہ پودے کیڑوں اور بیماریوں سے 25دن تک محفوظ ہو جائیں گے نیز پودوں کی مطلوبہ تعداد کے حصول کیلئے کھیلیوں پر کاشت کی جائے اور اچھی پیداوار کے حصول کے لئے کھیت میں پودے کا پودے سے فاصلہ 9انچ تک رکھا جائے اور کوشش کی جائے کہ مئی کے مہینے میں پودوں کی فی ایکڑ تعداد 23 سے 35ہزار تک ہو۔