فیصل آباد (عکس آن لائن) ماہرین زراعت نے کپاس کی کاشت کے آغاز سے اکتوبر تک فصل کی کم از کم 5سے 6دفعہ آبپاشی کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کپاس کی فصل پانی کے معاملے میں بڑی حساس ہے جبکہ پانی کی کمی اور زیادتی کی وجہ سے کپاس کی فصل پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں اسلئے اچھی زمین میں عام طور پر موسمی حالات اور کپاس کی ظاہری علامات کو مد نظر رکھتے ہوئے آغاز سے لے کر شروع اکتوبر تک کم از کم پانچ تا چھ دفعہ آبپاشی کی سفارش کی جاتی ہے تاہم کاشتکار پانی کا صحیح استعمال پودے کی ضرورت اور زمین کی ساخت کو سامنے رکھ کر کریں۔
انہوں نے کاشتکاروں کو سفارش کی کہ وہ فصل کپاس کی آبپاشی صرف اس وقت کریں جب فصل کو پانی کی ضرورت ہواورڈرل کاشتہ فصل کو پانی زمین کی خاصیت، پودے کی علامات اور موسم کو مد نظر رکھتے ہوئے لگائیں۔ انہوں نے کہاکہ جب فصل کپاس کو پانی کی ضرورت ہوتی ہے تواس کے پودے مختلف علامات ظاہر کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کھیت کے اونچے اور کلراٹھے حصوں پر پودوں کا رنگ کھیت کے باقی پودوں کی نسبت گہرا سبزنظر آنے پر فصل کو دو تین دن کے اندر پانی لگائیں اسی طرح جب کچھ پودوں کی چوٹی کے نزدیک پھول نظر آنا شروع ہوجائیں توبھی فصل کو پانی لگا دیں۔
انہوں نے کہاکہ پودوں کی چوٹی کے نزدیک صرف ڈوڈیاں (گڈیاں) نمایاں نظر آنی چاہئیں اورکپاس کا پودا جیسے جیسے قد کرتاہے تو نیچے سے تنے کا رنگ سرخی مائل ہونا شروع ہوجاتا ہے اور یہ رنگ پودے کی چوٹی کی طرف بڑھتا ہے جہاں یہ رنگ ختم ہوتا ہے وہاں سے چوٹی تک تنا 5-4 انچ سبز ہونا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ اگر 4 انچ سے کم ہو تو فصل کو پانی کی ضرورت ہوتی ہے اور اگر تنا 5 انچ سے زیادہ سبز ہے تو فصل پانی کی زیادتی کی وجہ سے غیر ضروری بڑھوتری کا شکار ہو جاتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پانی کی کمی کی صورت میں گانٹھوں کا درمیانی فاصلہ بھی کم ہوجاتا ہے ایسی صورت میں پانی لگانا بہت ضروری ہے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روزبعض علاقوں میں پری مون سون بارشیں ہوئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ کپاس کے مرکزی علاقوں میں کاشتہ فصل کپاس میں بارشوں کاپانی 24گھنٹے سے زیادہ دیر تک کھڑا نہ ہونے دیں کیونکہ اگر پانی 48گھنٹے کھڑا رہے تو پودے مرجھانا شروع کردیتے ہیں جس سے پیداوار میں کمی کا احتمال بڑھ جاتا ہے۔