لاہور(عکس آن لائن )ملک میں ماہ فروری میں مہنگائی کی شرح 31.6فیصد پر پہنچ گئی جو تاریخ کی بلند ترین سطح ہے،جنوری میں یہ شرح 27.60فیصد کی سطح پر تھی۔ادارہ شماریات پاکستان کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ماہانہ بنیادوں پر مہنگائی میں 4.32 فیصد اضافہ ہوا۔شہری اور دیہی علاقوں میں مہنگائی بالترتیب سال بہ سال بڑھ کر 28.82اور 35.56فیصد ہوچکی ہے۔ادارہ شماریات نے بتایا ہے کہ جولائی 2022 تا فروری 2023 مہنگائی کی شرح 26.19فیصد ریکارڈ ہوئی۔
شہروں میں مہنگائی کی شرح میں 4.54 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں مہنگائی کی شرح میں 4.01فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق ماہانہ بنیادوں پر چکن، کوکنگ آئل، سگریٹس، پھلوں کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، سبزیوں، دالوں، چینی، تازہ دودھ کی قیمتوں میں بھی ماہانہ بنیادوں پر اضافہ ہوا۔رپورٹس کے مطابق چکن 19.90 فیصد، کوکنگ آئل 17.21 فیصد، سگریٹس 15.64 فیصد ، دال مونگ 6.35 فیصد، دال مسور 5.89 فیصد جبکہ آلو کی قیمت میں 4.15 فیصد اضافہ ہوا۔