لاہور ( عکس آن لائن) گلوکار عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی نے کہاہے کہ ماضی کی نسبت آج شوبز میں آنے والوں کو زیادہ مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا کیونکہ اب والدین اپنے بچوں کو خود سپورٹ کرتے ہیں ،جس دور میں گلوکاری کا آغاز کیا تھا وہ بڑا کٹھن دور تھا ، گھر والوں کی شدید مخالفت کے باوجود میں نے گانے کو جاری رکھا ۔ایک انٹر ویو میں عطا اللہ عیسیٰ خیلوی نے کہا کہ میں نے انتہائی کٹھن دور دیکھا ہے.
اور اپنی کامیابی کے لئے مجھے انتھک محنت کرنا پڑی اور پھر مختلف جگہوں پر ملازمتیں کرنے کے بعد داتا کی نگری لاہور میرے لیے کامیابی کے دروازے کھول دیئے اور خدا کی ذات نے مجھے وہ عزت ، مقام اور مرتبہ دیا جس کا میں نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا ۔انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے بچوں پر کوئی قدغن نہیں لگائی اور انہیں کہا ہے وہ جس شعبے میں جانا چاہیں انہیں اس کی آزادی ہے بلکہ انہیں سپورٹ بھی کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ جب آپ اپنے بچوں کو کسی مثبت رجحان میں سپورٹ کریں تو وہ بہترین نتائج دیتے ہیں۔