کراچی (عکس آن لائن)اداکارہ نادیہ جمیل نے ‘نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی’ (نادرا) کی جانب سے لے پالک بیٹی کے قانونی کاغذات بنانے میں تاخیر کرنے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں کاغذات کے لیے درخواست دیے ہوئے کافی وقت ہوگیا۔نادیہ جمیل نے انسٹاگرام پر گود لی ہوئی بیٹی نوری کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے نادرا کو بھی پوسٹ میں مینشن کیا اور ادارے سے درخواست کی کہ ان کی بیٹی کے قانونی کاغذات جلد سے جلد تیار کیے جائیں۔اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے بیٹی کے گارڈین شپ کے کاغذات کے لیے مطلوبہ دستاویزات اور درخواست جمع کروا رکھی ہے، تاہم نادرا نے تاحال ان کی بیٹی کا ایک کاغذ بھی تیار نہیں کیا۔
نادیہ جمیل کا کہنا تھا کہ نادرا سے انہیں بیٹی کا ‘ب’ فارم اور دیگر قانونی دستاویزات درکار ہیں جو یہ ثابت کر سکیں کہ وہ نوری کی کفیل ہیں۔اداکارہ نے بتایا کہ ان کی بیٹی کو میڈیکل چیک اپ کی ضرورت ہے اور وہ آئندہ ماہ اکتوبر میں انہیں برطانیہ میں آنکھوں کے ڈاکٹر سے چیک کروائیں گی۔انہوں نے اپنی پوسٹ میں یہ بھی لکھا کہ کسی بھی ماں کو بچے سے جدا نہیں کیا جانا چاہیے، انہیں اپنی بیٹی کو دیکھے ہوئے ایک سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا۔نادیہ جمیل نے بتایا کہ وہ خود اپنے دیگر چار بچوں کے ہمراہ برطانیہ میں موجود ہیں جب کہ ان کی بیٹی ان کی والدہ کے پاس پاکستان میں ہیں اور وہ انہیں طبی معائنے کے لیے برطانیہ لے جانا چاہتی ہیں مگر نادرا نے تاحال ان کے قانونی کاغذات تیار نہیں کیے۔اداکارہ نے یہ انکشاف بھی کیا کہ انہوں نے ہر اس شخص سے قانونی دستاویزات بنوانے میں مدد کی اپیل کی، جنہیں وہ جانتی تھیں یا پھر ان افراد کے تعلقات نادرا میں تھے لیکن اس باوجود ان کا مسئلہ حل نہیں ہوا۔نادیہ جمیل نے امید کا اظہار کیا کہ نادرا ان کے معاملے کو جلد حل کرے گا اور انہیں بیٹی کے قانونی دستاویزات جلد فراہم کرے گا۔