لندن (عکس آن لائن) برطانوی دارالحکومت کے علاقے لندن برج کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ برطانوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق فائرنگ کے بعد لندن برج کو بند کردیا گیا ۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق لندن برج پر کچھ لوگ آپس میں جھگڑ رہے تھے جسے دیکھ کر پولیس موقع پر پہنچی اور پھر فائرنگ ہوئی۔میٹرو پولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ لندن برج پر ایک چاقو بردار شخص لوگوں پر حملہ کررہا تھا تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر حملہ آور کو ہلاک کردیا۔
چاقو کے وار سے متعدد افراد زخمی بھی ہوئے جبکہ پولیس نے ایک شخص کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔خیال رہے کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف بھی ان دنوں علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں اور یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا جب وہ چیک اپ کے لیے لندن برج کے قریب واقع اسپتال جارہے تھے۔اس واقعے کی وجہ سے پولیس نے اطراف کی سڑکیں بند کردیں جس کے سبب نواز شریف اسپتال نہ پہنچ سکے اور راستے سے ہی واپس گھر روانہ ہوگئے۔