سیالکوٹ(عکس آن لائن)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے قوم 2018کے عام انتخابات کا خمیازہ آج تک بھگت رہی ہے ،اس وقت کے تمام کردار آہستہ آہستہ قوم کے سامنے آ رہے ہیں ، ہمارے معاشرے میں اخلاقیات اور معاشرتی اقدار تباہ ہو چکی ہیں ، تحریک انصاف کی ناقص معاشی پالیسیوں سے متاثرہ ملکی معیشت کو بہتری کی جانب گامزن کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں ۔ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ وکلاء عظیم روایات کے امین اور عدلیہ کے محتسب ہیں ۔انہوں نے کہا کہ لیڈر کا کردار قابل تقلید ہوتا ہے ،قائد اعظم کا بحیثیت لیڈر کردار قابل تقلید تھا ،لوگوں کو ان کا اخلاق پسند تھا ،
انہیں یقین تھا کہ یہ ڈیلیور کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کل کے سیاسی لیڈران میں سچ جھوٹ کی تفریق ختم ہو گئی ہے،موجودہ لیڈران دو ہفتہ بعد ہی اپنی زبان سے بدل جاتے ہیں۔انہوں نے وکلاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ کو یقین تھا کہ پرویز الٰہی پاکستان تحریک انصاف کا صدر بنے گاجس فواد چوہدری کے خلاف پرویز الٰہی بیان دیا کرتے تھے آج وہی فواد چوہدری انہیں پارٹی صدارت کا لیٹر پیش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے چار پانچ سال کی سیاست کی تعریف یہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں بار کی جانب سے ملنے والی محبت پر بار کا مقروض ہوں آپ لوگوں نے ہمیشہ عزت دہی ہے۔ملکی معاشی صورتحال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم 2018کے عام انتخابات کا خمیازہ آج تک بھگت رہی ہے ،اس وقت کے تمام کردار آہستہ آہستہ قوم کے سامنے آ رہے ہیں ،
ہمارے معاشرے میں اخلاقیات اور معاشرتی اقدار تباہ ہو چکی ہیں اور پچھلے پانچ سال میں اس میں شدت دیکھنے میں آئی ہے،اس روش کو روکنے کیلئے اقدامات انتہائی ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی ناقص معاشی پالیسیوں سے متاثرہ ملکی معیشت کو بہتری کی جانب گامزن کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں ۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے ممبر قومی اسمبلی چودھری ارمغان سبحانی ،صدر بار مقصود احمد بھٹی،جنرل سیکرٹری احسن اسماعیل ،نائب صد ر مہر قدیر اکبرسمیت وکلاء کی بڑی تعداد موجود تھی۔