کراچی (عکس آن لائن ) چھوٹی اسکرین کے بڑے فنکار قاضی واجد کی منگل کے روز تیسری برسی منائی گئی۔ تفصیلات کے مطابق بے مثال اداکار قاضی واجد کو چاہنے والوں سے بچھڑے تین برس بیت گئے۔
قاضی واجد 26 مئی 1930 کو لاہور میں پیدا ہوئے، انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 1956 میں ریڈیو پر چائلڈ صداکار کی حیثیت سے کیا تھا۔ ان کے پروگرام قاضی جی کا قاعدہ کو اس دور میں غیر معمولی مقبولیت حاصل تھی۔
قاضی واجد نے ایک سو سے زائد مختلف ڈراموں اور ڈرامہ سیریل میں پرفارم کیا۔ خدا کی بستی ٹیلی ویژن پر ان کی پہلی پرفارمنس تھی جس کا راجہ ان کی شناخت بھی بن گیا۔
ان کے بہترین ڈراموں میں تنہائیاں، دھوپ کنارے، کرن کہانی، ہوائیں، حوا کی بیٹی اور دیگر شامل ہیں۔ انہوں نے ابتدائی دنوں میں تحریک آزادی پر مبنی فلم بیداری میں بھی کام کیا تھا۔
قاضی واجد کو ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں 1988میں حکومت نے پرائڈ آف پرفارمنس کے اعزاز سے نوازا، اس کے علاوہ انہیں 12 ویں سرکاری ٹی وی ایوارڈ میں بہترین اداکار کا ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔ لاجواب اداکار قاضی واجد 11 فروری 2017 کو 87 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے کراچی میں انتقال کرگئے تھے۔